زکریا یونیورسٹی نے ڈپٹی ڈائریکٹر سیکورٹی میپکو کی ڈگری کودرست قرار دے دیا

زکریا یونیورسٹی ملتان نے میپکو کے ڈپٹی ڈائریکٹر سیکیورٹی سہیل عباس کی بی اے کی ڈگری کو درست قرار دے دیا ہے۔
ملتان ہائی کورٹ بینچ ملتان میں سہیل عباس کی جانب سے یونیورسٹی کی جانب سے ڈگری کے فیصلے میں تاخیر کئے جانے پر رٹ پٹیشن فائل کی گئی تھی جس میں عدالتِ عالیہ نے وی سی یونیورسٹی کو اصالتاًطلب کرکے 2ماہ میں ڈگری کے بارے فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا۔
چند روز قبل یونیورسٹی سنڈیکٹ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں سہیل عباس کی ڈگری کے بارے کیس پیش کیا گیا۔
رجسٹرار یونیورسٹی نے ہاؤس کو بتایا کہ سہیل عباس کو عدالت ِ عالیہ کے فیصلے کی روشنی میں بی اے کی ڈگری جاری کی گئی۔
تاہم بعد ازاں 2015ء میں متعلقہ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ایک خط میپکو کو لکھا گیا کہ مذکورہ ڈگری بارے کیس سنڈیکٹ میں تفصیلی فیصلے کے لئے پیش کیا جائے۔
حالیہ سنڈیکٹ میں یہ کیس پیش کیا گیا جس پر تفصیلی بحث کے بعد سنڈیکٹ میں یہ فیصلہ کیا گیاکہ یونیورسٹی عدالتِ عالیہ کے فیصلے کی روشنی میں سہیل عباس کو بی اے کی ڈگری جاری کی گئی۔
لہذا 2015ء میں جاری کیا گیا متنازعہ خط کوئی وزن نہیں رکھتا ، لہٰذا اس خط کو واپس لیا جاتا ہے۔
سنڈیکٹ کے اس فیصلے کے بعد سہیل عباس کے خلاف دی گئی درخواستیں جھوٹ کا پلندہ ثابت ہوتی ہیں۔
ذرائع کے مطابق سہیل عباس میپکو اتھارٹی کو درخواست دے رہے ہیں کہ جھوٹی درخواستیں دینے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے، جن کی وجہ سے انہیں اور انکی فیملی کو ذہنی کوفت ہوئی ہے اور وہ عدالت میں ہتکِ عزت کا دعوی بھی دائر کریں گے۔



















