جامعہ زکریا ملتان : شعبہء فارمیسی پریکٹس میں ایم فل فارمیسی پریکٹس کے نئے داخلہ لینے والے طلباء کے لیے اورینٹیشن تقریب

زکریا یونیورسٹی ملتان کے شعبۂ فارمیسی پریکٹس میں ایم فل فارمیسی پریکٹس کے نئے داخلہ لینے والے طلبہ کے لیے اورینٹیشن تقریب منعقد کی گئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس افیئرز ڈاکٹر انیس الرحمٰن نے تحقیق اور ہم نصابی سرگرمیوں میں طلبہ کو سہولت فراہم کرنے کے لیے شعبۂ فارمیسی پریکٹس کی کاوشوں کو سراہا اور طلباء کو تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ تحقیقی میدان میں بھرپور کردار ادا کرنے کی تلقین کی۔
چیئرمین شعبہء فارمیسی پریکٹس پروفیسر ڈاکٹر محمد فوادرسول نے پروگرام کا تفصیلی تعارف پیش کرتے ہوئے اس کے مقاصد اور متوقع تعلیمی نتائج سے آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ فارمیسی پریکٹس، فارمیسی کے اندر ایک نمایاں اور تیزی سے ابھرتی ہوئی تخصص ہے، جہاں قومی اور بین الاقوامی سطح پر کیریئر کے وسیع مواقع موجود ہیں کلینیکل فارمیسی اور فارمیسی پریکٹس آج کے دور میں سب سے زیادہ طلب کی جانے والی فیلڈز میں شامل ہیں۔
انہوں نے نئے طلبہ کو اس پروگرام میں شمولیت پر خود کو خوش نصیب سمجھنے کی تلقین کی اور بہترین تعلیمی کارکردگی کے ساتھ جدت پر مبنی تحقیق کو اپنانے پر زور دیا۔




















