زکریا یونیورسٹی میں سیکورٹی کارڈ پہننے کی ہدایت

زکریا یونیورسٹی ملتان نے سیکیورٹی اور نظم و ضبط کے مؤثر انتظام کے لیے تمام اساتذہ، افسران اور ملازمین کو ڈیوٹی کے دوران لازمی طور پر ایمپلائی کارڈ پہننے کی ہدایت جاری کر دی۔
رجسٹراڈ آفس سے جاری کردہ سرکلر میں کہا گیا ہے کہ یہ بات تشویش کے ساتھ نوٹ کی گئی ہے کہ متعدد ملازمین دورانِ فرائض اپنے ایمپلائی کارڈ نہیں پہنتے، جس کے باعث درست شناخت میں مشکلات پیش آتی ہیں اور ادارے کی مجموعی سیکیورٹی کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
گریڈ ایک سے لیکر 21 تک تمام ملازمین، اساتذہ اور افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ یونیورسٹی کے داخلی و خارجی مقامات سمیت ڈیوٹی اوقات میں ہر وقت اپنے ایمپلائی کارڈ نمایاں طور پر پہن کر رکھیں۔
اس اقدام کا مقصد یونیورسٹی میں شناختی نظام کو مؤثر بنانا اور سیکیورٹی اقدامات کو مضبوط کرنا ہے۔
ڈینز، پرنسپلز، ڈائریکٹرز، چیئرپرسنز، ایس ایم ٹیز، وارڈنز، ایڈمنسٹریٹو ہیڈز اور برانچ افسران اپنے ماتحت عملے کی سختی سے نگرانی کریں اور یقینی بنائیں کہ تمام افراد مذکورہ ہدایات پر مکمل عمل کریں۔
یہ احکامات وائس چانسلر کی منظوری سے جاری کیے گئے ہیں اور ان پر مکمل طور پر عمل درآمد یونیورسٹی کے نظم و ضبط اور سیکیورٹی کے لیے ناگزیر ہے۔




















