اسسٹنٹ انجینئر کی بد زبانی، زکریا یونیورسٹی ایمپلائز یونین کا احتجاج کا اعلان

زکریا یونیورسٹی کے اسسٹنٹ انجینئر کی طرف سے ہتک جملوں کے استعمال پر ملازمین کا ہنگامہ، یونین نے آج احتجاج کا اعلان کردیا۔
تفصیل کے مطابق زکریا یونیورسٹی کے منٹی نینس ڈیپارٹمنٹ میں تعینات اسسٹنٹ انجینئر کی طرف سے ٹیوب ویل آپریٹرز کے ساتھ بدتمیزی کرنے اور ہتک آمیز جملوں کے استعمال پر ہنگامہ ہوگیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز پی ڈی منٹی نینس اظہر خطاب ، ایکسیئن سعود منیر اور اسسٹنٹ انجینئر اجمل شاہ آفس میں موجود تھے کہ دو ٹیوب ویل آپریٹر آئے اور انہوں نےدرخواست دی کہ ان کے آف ڈے 11ماہ سے بند ہیں ، جبکہ من پسند چار افراد کو آف ڈے دیے جارہے ہیں، یہ سب اسسٹنٹ انجینئر کی ملی بھگت سے ہورہا ہے۔
جب پی ڈی نے وضاحت چاہی تو اجمل شاہ نے کہا کہ ان ٹکے ٹکے لوگوں سے بات نہ کریں، انہوں نے مزید بھی سخت جملے کہے ، جس پر ملازمین نے ہنگامہ کھڑا کردیا اور یونین عہدیداروں کو آگاہ کیا، جن کے آنے اطلاع ملنے پر اجمل شاہ آفس سے فرار ہوگیا ۔
جس پر یونین کے صدر ملک صفدر حسین اور سیکرٹری رانا مدثر نے آج جمعہ کو احتجاجی ریلی نکالنے کا اعلان کردیا ، اور منٹی نینس کا گھیراو کرنے کا اعلان کیا ہے ۔
ان کا کہنا تھاکہ اجمل شاہ اپنی کرپشن کو چھپانے کےلئے چھوٹے ملازمین کو استعمال کرتا ہے، اپنے من پسند ملازمین کو آوور ٹائم بھی دیتا ہے، جبکہ دیگر ملازمین کو جائز ادائیگی بھی نہیں کرتا ، اس کے خلا ف کارروائی تک احتجاج جاری رہے گا۔




















