جامعہ زکریا: بین الشعبہ جات مقابلۂ حسنِ قرأت و حسنِ نعت کا انعقاد

زکریا یونیورسٹی کے شعبۂ عربی کے زیرِ اہتمام جامعہ کے مختلف شعبہ جات کے مابین بین الشعبہ جات مقابلہ حسنِ قرأت و حسنِ نعت کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی پروفیسر ڈاکٹر عبدالقدوس صہیب (ڈین فیکلٹی آف اسلامک اسٹڈیز اینڈ لینگویجز ) تھے، جبکہ مہمانانِ اعزاز میں پروفیسر ڈاکٹر ریحانہ کوثر (ڈین فیکلٹی آف کامرس)، پروفیسر ڈاکٹر منزہ حیات (ڈائریکٹر اسلامک انسٹیٹیوٹ)، پروفیسر ڈاکٹر طیبہ اعوان (چیئرپرسن شعبہ اسلامیات، ایمرسن یونیورسٹی ملتان) اور خانم زاہدہ بخاری (ڈائریکٹر خانۂ فرہنگ ملتان) شامل تھیں۔
مقررین نے اپنے خطابات میں قرآنِ کریم سے وابستگی کی اہمیت اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ کی روحانی تاثیر پر روشنی ڈالی اور ایسی تقریبات کو جامعہ کے تعلیمی ماحول کے لیے نہایت مفید قرار دیا۔
مقابلۂ حسنِ قرأت کے ججز کے فرائض پروفیسر ڈاکٹر بدرالدین (ڈیپارٹمنٹ آف کیمسٹری) اور پروفیسر ڈاکٹر سید سیف اللہ (ڈیپارٹمنٹ آف میتھمیٹکس) نے سر انجام دیے، جبکہ مقابلۂ حسنِ نعت کے لیے پروفیسر ڈاکٹر قاریہ نسرین (ڈیپارٹمنٹ آف اسلامک اسٹڈیز) اور پروفیسر ڈاکٹر قاریہ آمنہ (ویمن یونیورسٹی ملتان) نے بطور منصف خدمات انجام دیں۔
ججز نے شرکاء کی تجوید، صوتی حسن، ادائیگی اور اثر پذیری کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے صادر کیے۔
مقابلۂ حسنِ قرأت میں شعبۂ عربی کے ہونہار طالب علم حافظ محمد وقاص نے دلنشین اور باقاعدہ تجوید کے ساتھ تلاوت پیش کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی، جس پر حاضرینِ محفل نے بھرپور داد دی اور اسے شعبۂ عربی کے لیے باعثِ فخر قرار دیا گیا۔
دوسری پوزیشن احتشام (اسلامک اسٹڈیز ڈیپارٹمنٹ) جبکہ تیسری پوزیشن حافظ حماد (کامرس ڈیپارٹمنٹ) نے حاصل کی۔مقابلۂ حسنِ نعت میں طلحہ سعید (ایگریکلچر ڈیپارٹمنٹ) نے پہلی پوزیشن حاصل کی، دوسری پوزیشن عباد عالم (کیمسٹری ڈیپارٹمنٹ) جبکہ تیسری پوزیشن لائبہ شفیق (آئی ایم ایس ڈیپارٹمنٹ) کے نام رہی۔

















