زکریا یونیورسٹی ملتان : آفیسرز کا سالانہ سپورٹس میلہ رنگا رنگ سرگرمیوں کے بعد اختتام پذیر

زکریا یونیورسٹی میں آفیسرز ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام منعقدہ سالانہ اسپورٹس میلہ رنگا رنگ سرگرمیوں کے بعد اختتام پذیر ہوگیا۔
ترجمان سید شہزاد علی شاہ کے مطابق اس میلے کا مقصد یونیورسٹی افسران، عملے اور ملازمین کو صحت مند سرگرمیوں کے ذریعے باہمی ہم آہنگی، ٹیم ورک اور مثبت طرزِ فکر کو فروغ دینا تھا۔
سپورٹس میلے میں مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے گئے جن میں کرکٹ، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، رسہ کشی، کیررم بورڈ، فٹبال شوٹ آؤٹ، تیز دوڑ اور دیگر دلچسپ کھیل شامل تھے ۔
تین روز تک مقابلے جاری رہے، جن میں مختلف شعبہ جات کے افسران نے نہ صرف بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا بلکہ اپنی بہترین کارکردگی کے ذریعے اسپورٹس مین اسپرٹ کا بھی مظاہرہ کیا۔
میلے کے دوران یونیورسٹی کے اساتذہ اور افسران نے اپنے ساتھیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے اس تقریب میں رنگ بھرے، اختتامی تقریب میں جنرل سیکرٹری خلیل احمد کھور کا کہنا تھا کہ اس طرح کی سرگرمیاں نہ صرف ذہنی و جسمانی صحت کے لیے فائدہ مند ہیں بلکہ ادارے کے اندر مثبت ماحول اور ٹیم ورک کو پروان چڑھانے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں، آئندہ سال اسپورٹس میلہ مزید وسیع پیمانے پر منعقد کیا جائے گا۔
ایونٹ کے تقریب تقسیم انعامات دسمبر کے پہلے ہفتے میں منعقد کی جائے گی، جس کے مہمان خصوصی وائس چانسلر ڈاکٹر محمد زبیر اقبال ہوں گے ۔


















