ڈاکٹر فواد کا اعزاز، 87 لاکھ روپے کی تحقیقی گرانٹ مل گئی
زکریا یونیورسٹی کے پروفیسر کو قومی سطح کی 87 لاکھ روپے کی تحقیقی گرانٹ مل گئی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ زکریا یونیورسٹی، ملتان کے ڈیپارٹمنٹ آف فارمیسی پریکٹس کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر محمد فواد رسول کو نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ اسلام آباد کی جانب سے 87 لاکھ روپے کی ایک اہم اور مسابقتی تحقیقی گرانٹ سے نوازا گیا ہے، جو صحتِ عامہ کے قومی سطح کے اہم مسائل کے حل کے لیے دی گئی ہے۔
منظور شدہ تحقیقی منصوبہ “پاکستان میں پرائمری کیئر سیٹنگز میں ڈیٹا ایویڈینس پر مبنی اور کثیر شعبہ جاتی حکمتِ عملی کے ذریعے کم لاگت اینٹی مائیکروبیل اسٹیورڈشپ مداخلتوں کی تیاری” کے عنوان سے شروع کیا جا رہا ہے۔
اس منصوبے کا مقصد پرائمری ہیلتھ کیئر میں اینٹی بایوٹکس کے مؤثر، محتاط اور سائنسی بنیادوں پر استعمال کو فروغ دینا ہے، یہ تحقیق اینٹی مائیکرو ایبل مزاحمت جیسے سنگین قومی اور عالمی مسئلے سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کرے گی، جو غیر ضروری اور غلط اینٹی بایوٹک استعمال کے باعث تیزی سے بڑھ رہا ہے۔
منصوبے کے تحت نسخہ نویسی کے طریقہ کار کو بہتر بنانے، ڈاکٹروں، فارماسسٹوں اور دیگر متعلقہ شعبہ جات کے مابین مؤثر اشتراک کو فروغ دیا جائے گا، تاکہ عملی اور دیرپا حل سامنے لائے جا سکیں۔
اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر محمد فواد رسول کا کہنا ہے کہ”اینٹی بایوٹکس کا غیر ضروری استعمال پاکستان کے صحت کے نظام کے لیے ایک سنگین چیلنج بنتا جا رہا ہے اس تحقیقی منصوبے کا مقصد پرائمری ہیلتھ کیئر سطح پر ایسے شواہد پر مبنی، کم لاگت اور قابلِ عمل ماڈلز تیار کرنا ہے جو نہ صرف مریضوں کی بہتر نگہداشت کو یقینی بنائیں بلکہ اینٹی مائیکروبیل مزاحمت کے پھیلاؤ کو بھی مؤثر انداز میں روک سکیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ”یہ منصوبہ مختلف شعبہ جات کے درمیان مضبوط اشتراک کو فروغ دے گا اور اس کے نتائج قومی صحت پالیسیوں کی تشکیل اور نفاذ میں بھی معاون ثابت ہوں گے۔ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کی جانب سے ملنے والی یہ گرانٹ ملک میں معیاری اور مسئلہ حل تحقیق کے فروغ کی حوصلہ افزائی ہے۔”
تعلیمی و تحقیقی حلقوں نے اس کامیابی کو زکریا یونیورسٹی کی قومی سطح پر صحتِ عامہ سے متعلق تحقیق میں بڑھتی ہوئی پہچان قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اعزاز یونیورسٹی کے محققین کی علمی صلاحیتوں اور قومی ضرورتوں سے ہم آہنگ تحقیق کا عملی ثبوت ہے۔
یونیورسٹی انتظامیہ نے بھی اس کامیابی پر پروفیسر ڈاکٹر محمد فواد رسول کو مبارکباد پیش کی ہے۔



















