زکریا یونیورسٹی کے ڈاکٹر محمد ریاض آل پاکستان یونیورسٹی اساتذہ کی قومی تنظیم "فپواسا” کے جنرل سیکرٹری منتخب
فیڈریشن آف آل پاکستان یونیورسٹیز اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشنز (فپواسا) کی تنظیم نو کیلئے ملکی اور صوبائی سطح پر انتخابات کا انعقاد گزشتہ روز پشاور میں کیا گیا۔
انتخابات میں ملک بھر کی جامعات کی اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشنز کے صدور اور جنرل سیکرٹریز نے شرکت کی۔
بہاءالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کی نمائندگی صدر اے ایس اے ڈاکٹر محمد ریاض اور جنرل سیکرٹری ڈاکٹر فرخ ارسلان صدیقی نے کی۔
ملک کی تمام یونیورسٹییوں کی اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشنز (اے ایس اے) کے صدور اور جنرل سیکریٹریز نے حق رائے دہی استعمال کرتے ہوئے ملکی سطح پر پشاور یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والے پروفیسر ڈاکٹر جمیل احمد چترالی کو صدر منتخب کیا جبکہ نائب صدر بلوچستان یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر کلیم اللہ بڑیچ ہوں گے۔
اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن بہاءالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے صدر اور شعبہ فوڈ سائنس کے اسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد ریاض کو جنرل سیکرٹری منتخب کیا گیا۔
فپواسا کے نو منتخب جنرل سیکرٹری ڈاکٹر محمد ریاض نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ ان کا انتخاب یقینا ان کے اور زکریا یونیورسٹی کے لیے ایک اعزاز کی بات ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے اساتذہ انتظامی اور مالی سطح پر مشکلات کا شکار ہیں جس کا تدریس اور تحقیق پر گہرا اثر پڑ رہا ہے۔ ان مسائل کے ادراک کیلئے ملکی سطح پر جامعہ پالیسی مرتب کرنے کی ضرورت ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن اور دیگر حکومتی اداروں کے ساتھ مل کر کر یونیورسٹی اساتذہ کے مسائل کا تدارک کیا جائے گا۔
جنوبی پنجاب کے تعلیمی حلقوں نے ڈاکٹر محمد ریاض کا بطور جنرل سیکرٹری فپواسا انتخاب کو خوش آئند قرار دیا ہے جو کہ علاقے کی اعلٰی تعلیم کی ترقی کیلئے معاون ثابت ہوگا۔



















