زکریا یونیورسٹی کی پروفیسر نے پھر ہراسگی کی شکایت کردی

زکریا یونیورسٹی کے شعبہ فارسٹری کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر شازیہ افضل نے ہراسمنٹ کی شکایت کے بعد مبینہ طور پر دھمکیوں اور دباؤ کا سامنا کرنے کی اطلاعات ہراسمنٹ کمیٹی کے ریکارڈ پر درج کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں ۔
زکریا یونیورسٹی : شعبہ فاریسٹری کے چیئرمین زیادتی اور ہراساں کرنے کے الزام میں معطل
ڈاکٹر شازیہ افضل نے کمیٹی کی سربراہ کو لکھے گئے خط میں بتایا کہ شکایت درج ہونے کے بعد مقدمہ کے التواء میں جانے سے قبل مبینہ ملزم نے کئی بار قریبی فاصلے سے راستے میں انہیں دیکھا، جس کے دوران ان کا رویہ جارحانہ، خوفناک اور دھمکی آمیز تھا، ان واقعات نے ان میں خوف اور پریشانی پیدا کردی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 31 دسمبر 2025 کو جامعہ کے دفتری حکم کے بعد اب تک مبینہ ملزم سے براہ راست تصادم نہیں ہوا، تاہم اس حکم کے بعد دباؤ اور دھمکیاں دوسرے افراد کے ذریعے بڑھ گئی ہیں، مختلف افراد کے ذریعے یہ پیغامات دیے گئے ہیں کہ وہ اپنی شکایت واپس لے لیں، ورنہ ان کے لیے منفی نتائج ہو سکتے ہیں۔
مراسلے میں کہاگیا ہے کہ دو سینئر فیکلٹی ممبران نے غیر رسمی طور پر انہیں مشورہ دیا کہ وہ شکایت واپس لے لیں، کیونکہ اس معاملے کو آگے بڑھانے کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا، بعد میں انہیں معلوم ہوا کہ یہ دونوں افراد مبینہ ملزم کی جانب سے یہ پیغام پہنچا رہے تھے۔
ڈاکٹر شازیہ افضل نے خط میں واضح کیا کہ ان واقعات کو انکوائری شروع ہونے کے بعد ہراسمنٹ اور انتقامی کارروائیوں کے طور پر دیکھا جاسکتا ہے، جو ان کی ذہنی صحت اور ذاتی حفاظت کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔
انہوں نے کمیٹی سے اپنی حفاظت یقینی بنانے اور کسی بھی قسم کے دباؤ یا خوف کے ماحول سے تحفظ دینے کی درخواست کی ہے۔




















