بہاء الدین زکریا یونیورسٹی میں نوسر باز پکڑا گیا
بتایا گیا ہے کہ آر او پروفیسر ڈاکٹر مقرب اکبر کو اطلاع ملی کہ تنویر شہزاد نامی نوسرباز مختلف روپ دھار کر یونیورسٹی میں وارداتیں کرتا ہے، خصوصاً طالبات سے نوسر بازی سے رقوم اینٹھ لیتا ہے، جس پر آر او پروفیسر ڈاکٹر مقرب اکبر نے ٹھگ کو پکڑنے کا حکم دے دیا ۔
گزشتہ روز مقرب اکبر نے سیکورٹی کو بتایا کہ مجھے اطلاع ملی ہے کہ وہ نو سرباز آیا ہوا ہے، جس پر شمشاد سپر وائزر نے تنویر شہزاد موٹر سائیکل نمبرABA 4734 کو روکا تو وہ یونیورسٹی سے بھاگنے لگا تو انچارج گارڈ بلال نے دیگر ساتھیوں جاوید اور قیوم کے ہمراہ اسے پکڑ لیا ۔
سیکورٹی حکام نے نوسرباز کو پولیس کے حوالے کردیا، 28سالہ ملزم تنویر شہزاد کالروکالونی پل براراں کا رہائشی ہے، اور شبہ ہے کہ چوری کی وارداتوں میں بھی ملوث ہے۔
آر او پروفیسر ڈاکٹر مقرب اکبر نے انچارج گارڈ بلال اور دیگر گارڈز جاوید اور قیوم کی بہترین کارکردگی کو سراہا ہے۔