Paid ad
Breaking NewsEducationتازہ ترین

زکریا یونیورسٹی میں سیرت کانفرنس کا انعقاد

زکریا یونیورسٹی ملتان میں اسلامک ریسرچ سنٹر، ادارۂ علومِ اسلامیہ اور ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹس افیئرز کے زیرِاہتمام "سیرت کانفرنس” بعنوان "سوشل میڈیا کے مفید استعمال کی تعلیم و تربیت میں ریاستی ذمہ داریاں سیرتِ نبوی ﷺ کی روشنی میں” کا انعقاد ہوا، جس میں مختلف جامعات کے اساتذہ اور طلبہ و طالبات نے بھرپور شرکت کی۔کانفرنس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد ڈین آف اسلامک اسٹڈیز اینڈ لینگویجز پروفیسر ڈاکٹر عبد القدوس صہیب نے افتتاحی خطاب کیا۔

انہوں نے سیرت النبی ﷺ کے مطالعہ اور روزانہ قرآن و سیرت کو پندرہ منٹ دینے کی اہمیت پر زور دیا اور کانفرنس کے اغراض و مقاصد واضح کیے۔

ڈاکٹر شفیق انجم (اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور) نے سیرت کے علمی پہلوؤں پر جامع گفتگو کی، جبکہ ڈاکٹر سعید شیخ (اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور) نے سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں سوشل میڈیا کے ذمہ دارانہ کردار پر نہایت بصیرت افروز اور تفصیلی کلام کیا۔ اسی طرح ڈاکٹر طاہر خاکوانی (ڈائریکٹر قرآن اکیڈمی ملتان) نے اپنے خطاب میں سیرت کی روشنی میں نوجوانوں کے لیے رہنمائی فراہم کی اور اہم پہلو اجاگر کیے۔اختتامی سیشن میں وائس چانسلر بہاء الدین زکریا یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد زبیر اقبال غوری نے نہایت دلنشین اور بامعنی خطاب کیا۔

انہوں نے علمی و تحقیقی سرگرمیوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور سیرت کے تناظر میں ڈسپلن، جھوٹی و بے بنیاد خبروں سے اجتناب، وقت کی پابندی، صفائی کی افادیت اور سوشل میڈیا کے مثبت استعمال جیسے اہم موضوعات سامنے رکھے۔

مزید اس موقع پر ڈاکٹر فریدہ یوسف (ایسوسی ایٹ پروفیسر)، ڈاکٹر رضیہ شبانہ (ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس افیئرز، ایسوسی ایٹ پروفیسر) اور ڈاکٹر غازی عبدالرحمن قاسمی (اسسٹنٹ پروفیسر) نے بھی خطاب کیا اور سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں عصرِ حاضر کے مختلف پہلوؤں پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

اس کے بعد ڈائریکٹر ادارۂ علومِ اسلامیہ پروفیسر ڈاکٹر الطاف حسین لنگڑیال نے دعا اور اختتامی کلمات پیش کیے۔مزید برآں، سیرت کانفرنس کے تسلسل میں گزشتہ روز منعقدہ حسنِ قرات، نعت اور تقریری مقابلوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زبیر اقبال غوری، پروفیسر ڈاکٹر عبد القدوس صہیب اور پروفیسر ڈاکٹر منزہ حیات اعوان نے سندِ امتیاز اور انعامات سے نوازا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button