زکریا یونیورسٹی کے خزانہ دار کا احسن اقدام، 80 لاکھ کے پراجیکٹ مکمل

زکریا یونیورسٹی میں تزین و آرائش کا پراجیکٹ مکمل، جناح آڈیٹوریم میں40 لاکھ سے زائد کی ایس ایم ڈی اور ساونڈ سسٹم بھی نصب
تفصیل کے مطابق زکریا یونیورسٹی میں انفراسٹرکچر کی بہتری اور جدید سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں اہم ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل ہو گئی ہے، یونیورسٹی نے تین مختلف بینکوں سے 80 لاکھ روپے کے خصوصی تعاون سے کیمپس کی تزئین و آرائش کے کئی منصوبے مکمل کیے ہیں۔
ترقیاتی کاموں میں 40 لاکھ روپے کی لاگت سے جناح آڈیٹوریم میں جدید ترین ایس ایم ڈی 4K اسکرین نصب کی گئی، جس کے ساتھ ایک ہائی کوالٹی ساونڈ سسٹم بھی لگایا گیا ہے تاکہ کانفرنسز، سیمینارز، تعلیمی و ہم نصابی سرگرمیوں کے معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکے، اس کے علاوہ یونیورسٹی کی خوبصورتی میں اضافہ کرتے ہوئے ایک بڑا گلوب بھی مرکزی مقام پر نصب کیا گیا ہے جو ادارے کی عالمی تعلیمی شناخت کی علامت ہے۔
مرکزی گیٹ کی دیواروں کی ازسرنو تعمیر نہایت جدید آرکیٹیکچر کے ساتھ ’’اسٹیٹ آف دی آرٹ‘‘ انداز میں کی گئی ہے جبکہ زرعی گیٹ (ایگری گیٹ) کی دیواریں بھی نئے معیار کے مطابق تعمیر کر دی گئی ہیں، جس سے آنے والے مہمانوں اور طلبہ کو خوبصورت اور خوشگوار ماحول میسر آئے گا۔
بینکوں سے فنڈز کی دستیابی خزانہ دار صفدر خان لنگاہ کی وجہ سے ہوئی، ان کاکہنا تھا کہ زکریا یونیورسٹی کی ترقی اور عالمی معیار کی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے، ہمیں خوشی ہے کہ مالی وسائل کے مؤثر استعمال اور بینکوں کے تعاون سے جدید منصوبوں کی بروقت تکمیل ممکن ہو پائی آئندہ بھی مزید ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری رہے گا تاکہ طلبہ و اساتذہ کے لیے بہترین تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ تمام اقدامات یونیورسٹی کی خوبصورتی اور فعالیت میں اہم کردار ادا کریں گے اور مستقبل قریب میں مزید منصوبوں پر بھی عملدرآمد کیا جائے گا۔




















