جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا کیمپ آفس تونسہ کا پہلا دن، عوام اپنے مسائل کے حل کے لئے امڈ آئے

ملتان:جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے تونسہ شریف میں قائم کیمپ آفس کے پہلے دن عوام اپنے مسائل کے حل کے لئے امڈ آئے اور کیمپ آفس میں کھلی کچہری کا سماں بندھ گیا۔
جنوبی پنجاب کے سیکرٹری ہاوسنگ جاوید اختر محمود، سیکرٹری زراعت ثاقب علی عطیل اور سیکرٹری انہار عامرخٹک نے شہریوں کے مسائل سنے اور ان کی درخواستوں پر موقع پر احکامات جاری کئے۔
سیکرٹری ہاوسنگ و اربن ڈویلپمنٹ جاوید اخترمحمود نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی عثمان بزدار کی ہدایت پر جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا تونسہ شریف میں کیمپ آفس قائم کیا گیا ہے، جس سے تونسہ شریف اور کوہ سلیمان کے دور دراز ایریا کے لوگوں کے مسائل حل ہونگے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت گھر کی دہلیز پر عوام کے مسائل حل کرنا چاہتی ہے۔
جاوید اختر محمود نے بتایا کہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کی ہدایت پر اوپن ڈور پالیسی پر عمل کیا جارہا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ تونسہ شریف کیمپ آفس میں پیر سے جمعہ تک روزانہ سیکرٹریز موجود ہونگے۔
سیکرٹری انہار جنوبی پنجاب عامر خٹک نے اس موقع پر کہا کہ جنوبی پنجاب کے سیکرٹریز کی مانیٹرنگ سے محکموں کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تونسہ،ڈی جی خان اور کوہ سلیمان میں محکمہ انہار کے منصوبوں پر کام جاری ہے،کیمپ آفس کے قیام سے ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ میں مزید بہتری آئے گی۔
عامر خٹک نے بتایا کہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کو کیمپ آفس کی روزانہ رپورٹ ارسال کی جائے گی۔
سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے کہا کہ کیمپ آفس کا قیام حکومت کا احسن اقدام ہے،اس سے مائیکرو لیول پر سروس ڈیلیوری میں بہتری آئے گی۔
سیکرٹری زراعت نے کہا کہ ڈی جی خان ڈویژن کے جو لوگ ملتان اور بہالپور نہیں جاسکتے وہ اپنے مسائل کے حل لئے کیمپ آفس کا وزٹ کر سکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب ثاقب ظفر کی ہدایت پر کیمپ آفس کے لئے سیکرٹریز کی ڈیوٹی کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ بدھ کے روز بھی سیکرٹری ہاوسنگ، سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے کیمپ آفس تونسہ شریف کا دورہ کیا تھا۔



















