زکریا یونیورسٹی: اساتذہ، افسران اور ملازمین کا سیلاب زدگان کے لیے فنڈ اکٹھا کرنے کی مہم کا فیصلہ

بہاءالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے اساتذہ، افسران اور ملازمین کی جانب سے سیلاب زدگان کیلئے چندہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
یہ فیصلہ اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن (اے ایس اے)، آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن اور ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے مشترکہ اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس کا انعقاد اے ایس اے آفس ایڈمن بلاک میں ہوا، جس میں صدر اے ایس اے ڈاکٹر محمد ریاض، جنرل سیکرٹری اے ایس اے ڈاکٹر فرخ ارسلان صدیقی، ممبران مجلس عاملہ ڈاکٹر زبیر احمد، ڈاکٹر سعادت مجید، ڈاکٹر محمد حنیف، صدر آفیسرز ایسوسی ایشن رانا جنگ شیر، صدر ایمپلائز ایسوسی ایشن ملک صفدر حسین، جنرل سیکریٹری رانا مدثر مشتاق اور دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ متاثرین سیلاب کے لیے فنڈ اکٹھا کرنے کیلئے تینوں ایسوسی ایشنز کی جانب سے مشترکہ مہم چلائی جائے گی، جس کیلئے یونیورسٹی کے تمام اساتذہ، افسران اور ملازمین کے علاوہ مخیر افراد سے بھی رابطہ کیا جئے گا۔
اس سلسلے میں زکریا یونیورسٹی میں مختلف مقامات پر کیمپ بھی لگائے جائیں گے۔
اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ مالی معاملات کو شفاف بنانے کے لیئے رسیدوں اور کوپن کا اجراء کیا جائے گا ، اور اس کے لئے علیحدہ سے بینک اکاؤنٹ بھی مختص کیا جائے گا۔
بعد ازاں نمائندگان کے وفد نے وائس چانسلر زکریا یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی اور رجسٹرار صہیب راشد خان سے ان کے دفاتر میں ملاقاتیں کیں۔
وائس چانسلر نے ایسوسی ایشنز کے فیصلے کو سراہا ، اور اپنی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
سوموار کے دن سے مہم کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا ، جس کا افتتاح وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی کریں گے۔


















