Paid ad
Breaking NewsEducationتازہ ترین

اعلیٰ معاشرہ اور مثالی تہذیب ہی ترقی و خوشحالی کی ضمانت ہیں : سی ای او ایجوکیشن ملتان

سی ای او ایجوکیشن ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ نے کہا ہے کہ اعلیٰ معاشرہ اور مثالی تہذیب ہی ترقی و خوشحالی کی ضمانت ہیں۔ اپنے رویّوں میں مثبت تبدیلی لا کر مثالی معاشرے کے قیام کو ممکن بنایا جا سکتا ہے۔ عصرِ حاضر کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے تعلیم کو ترقی کا مؤثر ذریعہ بنانا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ماہرِ تعلیم و سینیئر سماجی رہنما میاں نعیم ارشد کی جانب سے اپنی رہائش گاہ پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایجوکیشن ملتان محبوب اشرف کے اعزاز میں دیے گئے استقبالیہ سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر سابق ڈی ای او سیکنڈری سکولز ملتان شیخ محمد رفیق، سینیئر ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ ہائی سکول جگو والا تحصیل جلالپور اسلم خان قیصرانی، سابق پرنسپل گورنمنٹ لیب ماڈل ہائر سیکنڈری سکول ملتان رانا جاوید مصطفی، انچارج مانیٹرنگ سیل ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ملتان میاں منیر احمد، میاں فرحان مجید ایڈووکیٹ اور میاں ذیشان ارائیں بھی موجود تھے۔

سی ای او ایجوکیشن ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے تعلیمی ویژن کی روشنی میں تعلیمی ترقی کے لیے انقلابی اقدامات سے معیارِ تعلیم بہتر ہوا ہے اور شرحِ خواندگی میں اضافہ خوش آئند ہے۔
انہوں نے کہا کہ محبوب اشرف ایک قابلِ فخر ایجوکیشن آفیسر ہیں، وہ ہمہ جہت شخصیت کے حامل ہیں اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے ہمیں بھرپور استفادہ حاصل کرنا چاہیے۔ محبوب اشرف مستقبل میں محکمہء تعلیم کا قابلِ فخر اثاثہ ثابت ہوں گے اور ان کی قیادت میں محکمہء تعلیم مزید ترقی کرے گا۔

میزبان میاں نعیم ارشد نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ محبوب اشرف میرے لیے انتہائی قابلِ احترام ہیں۔ وہ اعلیٰ درجے کے ماہرِ تعلیم اور باوقار سماجی رہنما ہیں۔ علم، ادب اور تہذیبی اقدار کے فروغ کے لیے ان کی سوچ و فکر لائقِ تحسین ہے۔

اس موقع پر میزبان میاں نعیم ارشد نے دیگر مہمانوں کے ہمراہ مہمان خصوصی محبوب اشرف کو سرائیکی اجرک پہنائی اور پھولوں کا گلدستہ بھی پیش کیا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button