چیئرمین ایچ ای سی کی زکریا یونیورسٹی آمد، اساتذہ کو کتابوں سے نکل کر عملی میدان میں آنا ہوگا: ڈاکٹر مختار احمد

چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر مختاراحمد نے کہا ہے کہ اساتذہ کو کتابوں سے نکل کر عملی میدان میں کردار ادا کرنا ہوگا۔
ملک کی خراب معاشی حالت کے اثرات یونیورسٹیوں پر پڑے ہیں، ان سے نبردآزما ہونے کی کوشش کررہے ہیں ، کھیلوں ک ے فروغ کےلئے ہرممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
وہ زکریا یونیورسٹی میں اے ایس اے کے زیر اہتمام تقریب، ہاکی سٹیڈیم کی سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔
انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی اساتذہ کو کتابوں سے نکل کر عملی میدان میں کردار ادا کرنا ہوگا۔
اساتذہ کا رجحان ریسرچ آرٹیکل چھاپنے تک محدود ہے جبکہ ترقی یافتہ ممالک کی طرح قومی مسائل کے حل میں تحقیق کے ذریعے عملی کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ اگر تاریخ پر نظر دوڑائی جائے تو بہت سائنس کی دنیا میں مسلمان سائنسدانوں کی خدمات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
ان تحقیقات سے مغرب نے بھرپور فائدہ اٹھایا. ایک زمانہ تھا کہ دنیا بھر سے اعلیٰ تعلیم کے حصول کیلئے مسلم ممالک کا رخ کیا جاتا تھا، جس میں اندلس اور دوسرے ممالک شامل تھے۔
انکا مزید کہنا تھا کہ انکو بطور چیئرمین ایچ ای سی ایک مرتبہ پھر موقعہ ملا ہے اور انکے ذہن میں پاکستان میں اعلی تعلیم کی ترویج کیلئے بہت سے پلان ہیں، جن میں سے ایک مختلف شعبہ جات میں سائنسدانوں اور محققین کا کنسورشیم بنانا ہے، جن کا مقصد ملکی مسائل کا جامع حل ہو گا۔
اس وقت ملک کی معیشت مسائل سے دوچار ہے جس سے تعلیمی اداروں کی کارکردگی بھی متاثر ہوئی ہے، جسکا سب سے زیادہ اطلاق تنخواہوں اور پنشن کی ادائگیوں پر آیا ہے۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی نے اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کے مسائل کے حل میں اساتذہ کا کردار انتہائی اہم ہے۔
زکریا یونیورسٹی خطے کی اہم درسگاہ ہے، اور اساتذہ اور طلباء میں ٹیلنٹ موجود ہے۔
تاہم مسائل بھی ہیں جسکی طرف توجہ دے رہے ہیں۔ صدر اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن ڈاکٹر محمد ریاض کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی کے انتظامی اور مالی معاملات میں ایچ ای سی کا اہم کردار ہے۔
بی پی ایس اور ٹینیور ٹریک اساتذہ کے بہت مسائل ہیں جن کی طرف ایچ ای سی کی توجہ کی ضرورت ہے۔
جنرل سیکرٹری اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن ڈاکٹر فرخ ارسلان صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین ایچ ای سی کی جانب سے مختلف شعبہ جات کے محققین کا کنسورشیم بنانے کا فیصلہ خوش آئند ہے جس سے تحقیق اور عمل کا خلاء پر ہوگا۔
انکا مزید کہنا تھا کہ یونیورسٹی میں انجینئرنگ اساتذہ کو ٹیکنیکل الاؤنس نہیں دیا جا رہا ، جبکہ ملک کے دیگر سرکاری اداروں میں انجینئر اس سے مستفید ہو رہے ہیں۔
انھوں نے چیئرمین ایچ ای سی سے تقاضا کیا کہ دیگر اداروں کی طرح یونیورسٹی کے انجینئرنگ کے اساتذہ کو بھی ٹیکنیکل الاؤنس دیا جائے۔
تقریب کے آخر میں چیئرمین ایچ ای سی نے زکریا یونیورسٹی کے اساتذہ کے سوالات کے جوابات بھی دیئے۔
بعد ازاں ڈاکٹر مختار احمد نے ایچ ای سی کے پراجیکٹ جن میں بایو ٹیکنالوجی انسٹیٹیوٹ کی تعمیر اور انسٹیٹیوٹ آف صوفی ازم کی تعمیر شامل ہے، کا دورہ کیا جہاں پراجیکٹ ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر عبدالقدوس صہیب نے بریفنگ دی۔
بعد ازاں چیئرمین ایچ ای سی نے فیکلٹی آف فوڈ سائنسز میں بلڈنگ کا افتتاح کیا، اور واٹر فلٹریشن پلانٹ کا دورہ بھی کیا ، جہاں پروفیسر ڈاکٹر سعید اختر نے جدید آٹومیٹک پلانٹ کا معائنہ کرایا اور بریفنگ دی۔

آخر میں سرائیکی ریسرچ سنٹر میں ڈائریکٹر ڈاکٹر نسیم اختر نے خطے میں سرائیکی ہر تحقیق سے متعلق شعبہ کی خدمات سے متعلق چیئرمین ایچ ای سی کو آگاہ کیا۔
اس سے قبل ہاکی سٹیڈیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلا م آباد پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد نے کہا ہے کہ ملک میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے لیے مواقع فراہم کیے جائیں۔
خوشی کی بات ہے کہ بہاءالدین زکریایونیورسٹی ملتان میں اس خطے کا پہلا ہاکی سٹیڈیم تعمیر ہونے جارہا ہے جہاں نہ صرف نوجوان کھلاڑی ہاکی کھیلیں گے بلکہ قومی کھیل کو بھی اس سے فروغ حاصل ہوگا ۔
انہوں نے کہاکہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منصو ر اکبر کنڈی کی خصوصی توجہ اور لگن کے باعث یہ پراجیکٹ انہیں ملا تھا ، جسے آج دیکھ کربے حد خوشی محسوس ہورہی ہے اور میں توقع کرتا ہو ںکہ یہ پراجیکٹ اپنی مقررہ مدت میں مکمل ہوگا ۔
انہو ںنے کہاکہ ملک بھر میں کروونا کے باعث کھیل کی سرگرمیاں بھی شدید متاثر ہوئیں لیکن اب ہماری کوشش ہے کہ بہاءالدین زکریایونیورسٹی ملتان سمیت ملک بھر میں تما م یونیورسٹوں کے کھیل کے میدان آباد ہوں اور تعلیم و ریسرچ کے ساتھ ساتھ کھیل بھی اپنے عروج پر ہوں۔


















