پنجاب کی حکومت کو گرانے کی کوشش کی جارہی ہے، عمران خان

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ مجھےمعلوم ہوا ہے کہ ہماری پنجاب کی حکومت کو گرانےکی کوشش کی جارہی ہے۔
چشتیاں میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پاکستان بدل چکا ہے اب لوگوں میں شعورآچکا، اب خونی انقلاب نہیں بلکہ ووٹ کے زریعے آئے گا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ قانون کی بالا دستی کےبغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا یاد رکھیں کہ جب تک انصاف قائم نہیں ہوگا ملک خوشحال نہیں ہوگا۔
عمران خان نے کہا کہ حضرت علی ؓکا قول ہے کہ کفرکا نظام چل سکتالیکن ظلم کانہیں، ہمارے ملکی مسائل اس لیےحل نہیں ہوتے ، کیونکہ بڑےچور اقتدار میں آجاتے ہیں، جب میں جیل گیا تو وہاں چھوٹےچور اور جب اسمبلی گیا تو وہاں بڑےچورتھے۔
چشتیاں میں جلسہ عام سے خطاب میں شریف فیملی پر تنقید کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ کبھی چشتیاں ن لیگ کا گڑھ ہوتاتھا، لیکن اب لندن ان کا گڑھ بناہوا ہے، شریف فیملی کا ساراٹبر ہی اس وقت باہر بیٹھا ہوا ہے اور لندن میں بیٹھا بھگوڑا لوگوں کوجیلوں میں ڈالنےکےاحکامات دیتاہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ میں نےہمیشہ عدلیہ اور فوج کی مضبوطی کی بات کی، میرےبیانات دیکھ لیں ہمیشہ کہا کہ فوج اورعدلیہ مضبوط ہونی چاہیے، جو جماعت قوم کوجوڑرہی ہےاسےروکنےکی کوشش کی جارہی ہے،صحافیوں کو ہدایات دی جارہی ہیں کہ عمران خان کی کوریج نہ کریں، میراچیلنج ہےجو کچھ بھی کرناہےکرلو آپ لوگ شکست کھائیں گے۔
جلسہ عام سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ ڈرکی وجہ سے یہ لوگ اب پابندیاں لگارہےہیں، اے آر وائی نیوز سمیت ہمارا مؤقف پیش کرنے والے چینلز کو بند کیا گیا، جلسےکی کوریج روکنے کیلئےانہوں نے یوٹیوب ہی بند کردیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ مجھےمعلوم ہوا ہے اب ایک نیا منصوبہ بنایاگیاہے، ہماری پنجاب کی حکومت کو گرانےکی کوشش کی جارہی ہے، لوٹے بنانےکی کوشش ہورہی ہے، پنجاب میں کروڑوں روپےدیئےجارہےہیں۔




















