سی ایف پی کے صدر کا مواخذہ، پاکستان سپورٹس بورڈ نے توثیق کردی

چیس فیڈریشن آف پاکستان (CFP) کے صدر حنیف قریشی کا سفر اختتام کو پہنچا، جنرل باڈی نے مواخذے کی قرار دار منظور کرلی۔
یہ بھی پڑھیں ۔
چیس فیڈریشن آف پاکستان کے صدر کو مالی اور انتظامی بے ضابطگیوں پر معطل کردیا گیا
فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری عمر خان کی طرف سے جاری کئے گئے مراسلے کے مطابق صدر حنیف قریشی کو مواخذے کی قرارداد کے ذریعے عہدے سے ہٹا دیا ہے۔
یہ فیصلہ یکم فروری 2026 کو منعقدہ غیر معمولی جنرل باڈی اجلاس (EOGBM) میں کیا گیا، جہاں آئین کے آرٹیکل 26 (نظرثانی شدہ 2004) کے تحت مطلوبہ آئینی اکثریت سے ریکارڈ شدہ ووٹنگ کے ذریعے قرارداد منظور کی گئی، قرارداد کی منظوری کے ساتھ ہی حنیف قریشی کی برطرفی مؤثر ہوگئی، جس کی تصدیق اجلاس کے باقاعدہ منٹس اور کارروائی میں کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں ۔
حنیف قریشی پاکستان چیس فیڈریشن سے فارغ، شہزادہ خرم قائم مقام صدر بن گئے
بعد ازاں پاکستان اسپورٹس بورڈ (PSB) نے بھی اجلاس کی مصدقہ کارروائی اور آزاد مبصر کی رپورٹ کا جائزہ لے کر اس فیصلے کی توثیق کردی۔
اعلامیے کے مطابق صدر کا عہدہ باضابطہ طور پر خالی قرار دے دیا گیا ہے اور فیڈریشن اب آئینی طریقہ کار کے مطابق آئندہ کی کارروائی آگے بڑھائے گی۔
اس سلسلے میں پاکستان شطرنج فیڈریشن کے آئین، پاکستان اسپورٹس بورڈ کے قواعد، اسپورٹس الیکشن ریگولیشنز اور مجاز عدالتوں یا حکام کی ہدایات کی مکمل پابندی کی جائے گی۔
فی الفور نافذ ہونے والے فیصلے کے تحت یکم فروری 2026 کے بعد حنیف قریشی کی جانب سے بطور صدر جاری کی جانے والی کسی بھی خط و کتابت کو سرکاری حیثیت حاصل نہیں ہوگی، جب تک اسے سیکریٹری جنرل کے دفتر کی جانب سے تحریری طور پر تصدیق نہ کیا جائے۔ عبوری مدت کے دوران تمام سرکاری مراسلت سیکریٹری جنرل، سی ایف پی کے دفتر کے ذریعے کی جائے گی۔
سیکریٹری جنرل عمر خان نے کہا ہے کہ فیڈریشن آئین اور قابل اطلاق قوانین کے تحت آئندہ اقدامات اٹھائے گی اور تمام وابستہ یونٹس و شعبہ جات کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اس فیصلے کا نوٹس لیتے ہوئے اس پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔



















