Paid ad
Breaking NewsNationalتازہ ترین

جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کا مقصد سروس ڈیلیوری بنانا ہے، چیف سیکرٹری

چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کا مقصد سروس ڈیلیوری بہتر بنا نا ہے، افسران عوامی خدمت کے جذبے کیساتھ اپنے فرائض سر انجام دیں۔

وہ ملتان میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں، محکموں کی کارکردگی اور جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔

چیف سیکرٹری پنجاب نے افسران کو ہدایت کی کہ کام صرف میرٹ پر کریں، کسی کی حق تلفی نہیں ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی کو سرکاری دفاتر میں عزت و احترام ملنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ سیکرٹریز کی کارکردگی جانچنے کے لئے اشاریے متعارف کرائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت جنوبی پنجاب کی بھرپور ترقی کی خواہاں ہے، ترقیاتی منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل ترجیح ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ترقیاتی فنڈز کا بروقت اور شفاف استعمال یقینی بنایا جائے۔ جنوبی پنجاب کے سیکرٹریز کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے صحت اور تعلیم کے شعبوں میں کئے جانیوالے اقدامات کی تعریف کی۔ انہوں نے ٹرانس جینڈر اور صبح نو سکول اور آن لائن روشنی میگزین کی کاوش کو سراہا۔ چیف سیکرٹری نے وائلڈ لائف کے تحفظ کیلئے اقدامات کرنے سے متعلق بھی ہدایات جاری کیں۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملتان میں انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے منصوبے پر کام اگلے سال مکمل ہو جائے گا جبکہ نشتر ہسپتال ٹو ملتان اور سردار فتح محمد خان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی ڈی جی خان کے منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔

جنوبی پنجاب کے محکمہ تعلیم نے پاکستان کے پہلے آن لائن کڈز میگزین کا آغاز کیا ہے۔ ملتان میں ملک کا پہلا ٹرانسجینڈر سکول قائم کیا گیا ہے۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ غیر قانونی شکار کی روک تھام کیلئے رحیم یار خان میں خصوصی سکواڈ تشکیل دیا گیا ہے۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کیپٹن (ر) ثاقب ظفر نے بریفنگ میں بتایا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ ملتان کی بلڈنگ کی تعمیر پر کام جاری ہے جسے اگست2023 میں منصوبہ مکمل کرلیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ بہاولپور کی بلڈنگ کے لئے400 کنال اراضی الاٹ کردی گئی ہے، جنوبی پنجاب کے لئے189 ارب روپے بجٹ میں مختص کئے گئے ہیں ،جبکہ ترقیاتی منصوبوں پر45 فیصد بجٹ خرچ کیا جا چکا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جنوبی پنجاب کے11 اضلاع میں 1541ترقیاتی منصوبے تیار کئے گئے ہیں،1441 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی جا چکی ہے اور87 فیصد سکیموں کے ورک آرڈر بھی جاری ہو چکے ہیں۔

اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کیپٹن (ر) ثاقب ظفر اور تمام محکموں کے سیکرٹریز نے شرکت کی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button