وزیراعلیٰ مریم نواز کا خواتین کو ڈیجیٹلائز تعلیم دینے کا پروگرام تعطل کا شکار ہوگیا

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے دیہی علاقوں کی اعلیٰ تعلیم یافتہ خواتین کے لیے ڈیجٹل سکلز پروگرام کا اعلان کیا تھا، جس کی ذمہ داری پی ایس ڈی ایف (پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ) کو دی گئی تھی، جس نے رواں برس فروری کے مہینے میں درخواستیں طلب کی۔
پروگرام کے مطابق دیہی علاقوں کی ایسی خواتین جو 16 سولہ تعلیم اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں واقع ضلع کونسل کی حدود واقع یونین کونسل کی رہائشی ہوں درخواست دینے کی اہل تھیں، جن کو ڈیجیٹل مارکیٹنگ، کونٹینٹ کریئشن، ای کامرس، انگلش لینگوئج اور پروڈکٹ ڈویلپمنٹ کی آن لائن تربیت دینی تھی۔
جس کے لئے منتخب کردہ خواتین کو مفت ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز بمعہ انٹرنیٹ ڈیوائس اور 6 ماہ کا انٹرنیٹ پیکج کے ساتھ 30 ہزار روپے وظیفہ بھی دیا جانا تھا۔
شائع اشتہار کے مطابق یہ پروگرام 3 فیز میں مکمل ہونا تھا، فیز 1 میں لودھراں، بہاولپور، فیصل آباد، سرگودھا اور گجرانوالہ کے اضلاع شامل تھے۔ جہاں کلاسز کا آغاز 15 مارچ سے ہونا تھا۔ فیز 1 میں بھی کلاسز 1 ماہ تاخیر سے شروع ہوئیں۔
دستیاب ریکارڈ کے مطابق گجرانوالہ میں 17 اپریل، فیصل آباد میں 15 مئی، سرگودھا میں 23 مئی، بہاولپور میں 30 مئی جبکہ لودھراں میں 16 جون کو ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز تقسیم کرنے کی تقریبات منعقد کی گئی۔
جاری کردہ شیڈول کے مطابق پروگرام کے دوسرے فیز کا آغاز 15 اپریل سے ہونا تھا، جن میں شیخوپورہ، بھکر، سیالکوٹ، رحیم یار خان، مظفرگڑھ، قصور، لاہور، اٹک، چکوال، ملتان، بہاولنگر، چنیوٹ، گجرات، حافظ آباد، جھنگ، خانیوال، خوشاب کے اضلاع شامل ہیں۔
تیسرے مرحلے کی کلاسز کا آغاز 15 مئی سے راولپنڈی، جہلم، میانوالی، ننکانہ صاحب، اوکاڑہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ڈیرہ غازی خان، لیہ، منڈی بہاؤ الدین، ناروال، پاکپتن، راجن پور، ساہیوال، وہاڑی، مری، تلہ گنگ، وزیر آباد، کوٹ ادو اور تونسہ شریف کے اضلاع میں ہونا تھا۔
اب حالات یہ ہیں کہ 4 ماہ گزر جانے کے بعد بھی دوسرے مرحلے کی کلاسز کی دور دور تک کوئی خبر نہیں ہے۔ پروگرام کی شرائط کے مطابق انٹری ٹیسٹ پاس کرنا لازمی ہے، امیدواروں کی جانب سے درخواست پر "اسٹیٹس” جاننے کے لیے پی ایس ڈی ایف حکام سے رابطہ کیا گیا تو آگے سے صرف "ان پروسیس” کا جواب دے کر خاموشی اختیار کرلی جاتی ہے۔
امیدواروں نے وزیر اعلیٰ سے فوری ایکشن لینے اور پروگرام میں تعطل پید ا کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔



















