صوبے کو ڈینگی سے پاک کرنا حکومت پنجاب کا عزم

ڈویژن میں انسداد ڈینگی ایمرجنسی پلان نافذ کردیا گیا ہے۔
آج تمام سرکاری دفاتر ڈینگی سرویلینس کریں گے، ڈینگی کنٹرول میں ملتان ڈویژن کو صوبہ بھر میں ٹاپ پوزیشن میں ہونا چاہیے ۔
جدید اینڈرائیڈ سسٹم کے تحت ڈینگی کے خلاف سرگرمیوں کو پورٹل پرا پ لوڈ کیا جائے ، مقررہ ٹارگٹ سے کم سرگرمیوں پر متعلقہ محکموں کو سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ان خیالات کا اظہار کمشنر ملتان ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے ڈینگی کنٹرول مہم بارے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
کمشنر ملتان عامر خٹک نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور محکمے ڈینگی کنٹرول مہم کی کامیابی بارے جنگی بنیادوں پر اقدامات کریں ۔بس ویگن اڈوں پر صفائی کے مثالی انتظامات کئے جائیں ۔ضلع اور تحصیل سطح پر ڈینگی کنٹرول کے انتظامی اجلاس منعقد کئے جائیں ،جبکہ متعلقہ ڈپٹی کمشنر ز مہم کو از خود مانیٹر کریں۔
محکمہ صحت کی ڈینگی بارے کارکردگی کو کاؤنٹر چیک بھی کیا جائے گا ۔
کمشنرنے ہدایت کی کہ سکول کھلتے ہی تمام سکولوں میں ڈینگی آگاہی بارے زیرو پیریڈ شروع کئے جائیں اور ہر سکول میں ڈینگی فوکل پرسن مقرر کئے جائیں۔
بچوں کو فارم دیئے جائیں گے جس میں ڈینگی ٹیموں کی ان کے گھر آمد بارے بھی سوال موجود ہوگا تاکہ ڈینگی ٹیموں کی کارکردگی کو مانیٹر کیا جائے ۔
جمعہ کے خطبات میں انسداد ڈینگی مہم بارے اگاہی دی جائے۔
کمشنرملتان نے پی ایچ کو حکم دیا کہ تمام پارکوں ، جھیلوں ، فواروں ، گرین بیلٹس کو چیک کیا جائے کہیں بھی پانی نہ کھڑا ہو نے دیا جائے ۔ہاؤسنگ سوسائیٹز کے ملبے ، ٹائروں کی دکانو ں کو چیک کیا جائے ۔
کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ تمام ہسپتالوں اور ہوٹلوں اور عوامی مقامات کو چیک کیا جائے ،لاپرواہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈینگی بارے لاپرواہی پر ہسپتالوں اور ہوٹلوں کو وارننگ لیٹر جاری کریں، اور پھر سیل کریں ۔
ڈینگی فوکل پرسن ڈاکٹر عطا الرحمن نے بتایا کہ ڈویژن میں4308 نوٹسز، 27 ایف آئی آر درج ،30 مقامات کو سربمہر کیا گیا ہے ۔
اس موقع پر ڈویژن بھر کے تمام سی اوز ، ضلعی ہیلتھ اتھارٹیز ، متعلقہ محکموں کے افسران نے ڈینگی مہم کے اقدامات بارے بریفنگ دی ، جبکہ ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز موجود تھے۔


















