ملٹی سٹوری امتحانی ہالز کی تعمیر کا فیصلہ
چیئرمین تعلیمی بورڈ ملتان و کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے ملٹی سٹوری امتحانی ہالز کی تعمیر کا فیصلہ کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنرز کو مراسلہ جاری کر دیا ہے، جس میں اضلاع اور تحصیل سطح پر موزوں سرکاری زمین کی فوری نشاندہی اور الاٹمنٹ کی ہدایت کی گئی ہے۔
کمشنر نے ہدایت کی ہے کہ جدید تقاضوں کے مطابق ایسے امتحانی ہالز تعمیر کیے جائیں جن میں بیک وقت 400 سے 500 طلبہ امتحان دے سکیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ شفاف اور پرامن امتحانات کے انعقاد کے لیے جدید انفراسٹرکچر ناگزیر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مختلف اور بکھرے ہوئے امتحانی مراکز کے باعث سکیورٹی اور مانیٹرنگ کے مسائل میں اضافہ ہوتا ہے جبکہ مرکزی اور بڑے امتحانی ہالز کے قیام سے نہ صرف کنٹرول بہتر ہوگا بلکہ اخراجات میں بھی نمایاں کمی ممکن ہو سکے گی۔
کمشنر نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ اس منصوبے پر پیش رفت کی رپورٹ جلد از جلد ارسال کی جائے تاکہ آئندہ مراحل بروقت مکمل کیے جا سکیں۔


















