بجلی کی تقیسم کار کمپنیوں کے ریٹائرڈ ملازمین کا بوجھ صارفین اٹھائیں گے
وفاقی حکومت نے پاور سیکٹر سے ریٹائرڈ ہونیوالے افسران و ملازمین کی پنشن ادائیگیوں کا اضافی بوجھ بجلی کے صارفین پر ڈالنے کا فیصلہ کر لیا، نیپرا نےمیپکو سمیت دیگر کمپنیوں کو آئندہ ٹیرف پٹیشن میں پنشن اخراجات کو بھی شامل کرنے کی ہدایت کر دی۔
بتایاگیا ہے کہ پاور سیکٹر کے ریٹائرڈ افسران کے پنشن اخراجات کا تخمینہ لگا کر بجلی کے بلوں کے ٹیرف کا حصہ بنانے پر کام شروع کر دیا گیا۔
اس حوالے سے نیپرا نے پنشن کی ادائیگیوں کے اخراجات کو بلنگ ٹیرف کا حصہ بنانے کیلئے کمپنیوں سے ڈیمانڈ مانگ لی ہے۔
مراسلے کے مطابق کمپنیاں آئندہ درخواست میں پنشن کی ادائیگیوں کے اخراجات کو ٹیرف کا حصہ بنائیں کیونکہ واپڈا نے پنشنرز کو ادائیگیاں کرنے پر پابندی لگا رکھی ہے۔
نیپرا کے مراسلے میں اس بات کی بھی نشاندہی کی گئی ہے کہ کمپنیوں نے پنشنرز کو ادائیگیاں شروع کر رکھی ہیں، جس کی وجہ سے اخراجات متاثر ہو رہے ہیں۔