گیس کی مسلسل فراہمی اور بہترین پریشر کو یقینی بنانا ادارے کی اولین ترجیح : جواد خاکوانی
سوئی نادرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ ملتان ریجن کے جنرل منیجر احمد جواد خاکوانی نے کہا ہے کہ صارفین کو گیس کی مسلسل فراہمی اور بہترین پریشر کو یقینی بنانا ادارے کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے بتایا کہ نیٹ ورک کی بہتری اور ‘اسپیشل سچویشن روم’ میں افسران کی 24/7 ڈیوٹی کی بدولت سسٹم کی نگرانی کو مزید فعال بنا دیا گیا ہے۔ حکومتی پالیسی کے تحت کفایت شعاری پر سختی سے عمل درآمد کرتے ہوئے ریجن میں تمام گاڑیوں کے استعمال میں نمایاں کمی کی گئی ہے۔ کمپنی کی کم سے کم فیول استعمال کرنے کی پالیسی کے تحت آپریشنل، مینٹیننس، میٹرنگ اور ڈیویلپمنٹ کی گاڑیوں کو انتہائی منظم اور بہترین انداز میں استعمال کیا جا رہا ہے تاکہ وسائل کا ضیاع روکا جا سکے اور آپریشنل کارکردگی بھی متاثر نہ ہو۔
موجودہ عالمی و جنگی حالات کے تناظر میں ایل پی جی سلنڈرز کی سپلائی متاثر ہونے کے باوجود جی ایم احمد جواد خاکوانی نے یقین دلایا کہ دستیاب سلنڈرز کو مکمل شفافیت اور صرف میرٹ کی بنیاد پر صارفین کو فراہم کیا جا رہا ہے۔
نئے کنکشنز کے حوالے سے انہوں نے واضح طور پر کہا کہ تمام گیس میٹر صرف اور صرف میرٹ کی بنیاد پر لگائے جا رہے ہیں اور اس سلسلے میں کسی قسم کی سفارش یا غیر قانونی طریقہ کار کی گنجائش نہیں ہے۔
ریجنل سطح پر صارفین کی شکایات کے حوالے سے انہوں نے مزید بتایا کہ لو پریشر اور نو گیس والے علاقوں میں تکنیکی بہتری کے ذریعے سپلائی بحال کر دی گئی ہے، جبکہ خراب میٹرز کی تبدیلی بھی ترجیحی بنیادوں پر جاری ہے۔
گیس لیکج اور پائپ لائنوں میں پانی بھر جانے (واٹر ان لائن) کی شکایات پر ایمرجنسی ٹیمیں ہمہ وقت الرٹ ہیں، جبکہ گیس پریشر میں بہتری کے لیے کمپریسر استعمال کرنے والے صارفین کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے میٹر منقطع کیے جا رہے ہیں۔
جی ایم ملتان نے واضح کیا کہ گیس چوری کے خلاف بلا امتیاز آپریشن جاری رہے گا اور صارفین سے اپیل کی کہ وہ حفاظتی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ادارے کو مطلع کریں۔
ادارہ تمام صارفین کو محفوظ اور بلا تعطل گیس کی فراہمی کے لیے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لا رہا ہے۔




















