اساتذہ کی ہارڈشپ ٹرانسفر سے متعلق زیرِ التواء درخواستوں بارے بڑا فیصلہ

محکمہ سکول ایجوکیشن کی جانب سے اساتذہ کی ہارڈشپ ٹرانسفر سے متعلق زیرِ التواء درخواستوں کے بارے میں ایک نہایت اہم ہدایت جاری کی گئی ہے، جس میں تمام چیف ایگزیکٹو افسران ایجوکیشن اور ضلعی ایجوکیشن اتھارٹیز کو فوری طور پر ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
جاری کردہ مراسلے کے مطابق وہ تمام شکایات اور درخواستیں جو متاثرہ اساتذہ کی جانب سے ہارڈشپ بنیادوں پر ٹرانسفر کے لیے جمع کرائی گئی تھیں اور جن پر ڈویژنل کمشنرز فیصلے کر چکے ہیں، ان فیصلوں کو اسکول انفارمیشن سسٹم (SIS) پر 12 فروری 2026 تک اپ لوڈ کیا جا سکتا ہے۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن نے واضح کیا ہے کہ تمام متعلقہ افسران اس بات کو یقینی بنائیں کہ ڈویژنل کمشنرز کے فیصلوں کی بروقت اور مکمل اپ ڈیٹ مقررہ مدت کے اندر SIS پر کر دی جائے، تاکہ متاثرہ اساتذہ کو مزید مشکلات اور تاخیر کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
مزید ہدایت میں کہا گیا ہے کہ اس پیغام کو فوری طور پر تمام متعلقہ افسران اور فیلڈ اسٹاف تک پہنچایا جائے اور اس کی باضابطہ طور پر تصدیق بھی کی جائے۔
محکمہ حکام کے مطابق ہارڈشپ ٹرانسفرز کے معاملات میں شفافیت اور تیز رفتار فیصلوں کے لیے ڈیجیٹل نظام کے مؤثر استعمال کو یقینی بنایا جا رہا ہے، تاکہ اساتذہ کے مسائل کا فوری ازالہ ممکن ہو سکے۔



















