زرعی یونیورسٹی میں ڈینگی بارے آگاہی لیکچر

ایم این ایس زرعی یونیورسٹی میں خطبہ نماز جمعہ کے موقع پر ڈینگی بخار بارے آگاہی لیکچر دیا گیا۔
برسات کا موجودہ سیزن کافی طویل ہوگیا ہے، جس کی وجہ سے بہت سے مسائل کے ساتھ ساتھ مچھروں سے پھیلنے والی بیماریوں میں اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے۔
حکومت اس سلسلے میں اقدامات کر رہی ہے۔
اسی سلسلے کی کڑی کے طور پر حکومت پنجاب کی ہدایت پر یہ ہفتہ ڈینگی آگاہی کے طور پر منایا جارہا ہے۔
اسی تسلسل میں جامعہ زرعیہ ملتان میں نماز جمعہ کے خطبہ کے دوران ڈینگی بخار اور اس کے پھیلاؤ کا سبب بننے والے عوامل کے بارے میں معلومات بیان کی گئیں۔
جامعہ کے شعبہ تحفظ نباتات کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹرعنصر نعیم اللہ نے ڈینگی بخار کی علامات کی پہچان، اور اس کی افزائش کی جگہوں کے بارے میں آگاہی دی۔انہوں نے کہا کہ شاپنگ بیگ کا کم سے کم استعمال کیا جائے۔
کیونکہ جب یہ گلی محلوں میں اڑتا پھرتا ہے تو بارش کا پانی اس میں اکٹھا ہو جاتا ہے جو کہ ڈینگی پھیلانے والے مچھروں کی افزائش کا باعث بنتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خالی شاپر کو گرا لگا کر پھینکنے سے اس میں پانی جمع ہونے کے چانس نہیں رہتے، اور اس طرح ماحول کی صفائی کے ساتھ ڈینگی کا خطرہ بھی کم ہوتا چلا جاتا ہے۔
جمعہ نماز کے بعد آگاہی واک بھی ہوئی۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی (تمغہ امتیاز) نے کہا کہ مچھر پانی میں انڈے دیتا ہے۔
لہذا ہمیں اپنے ماحول کو خشک اور صاف ستھرا رکھنا چاہیے تاکہ ہم خود اور اپنے پیاروں کو مچھروں کے کاٹنے، اور اس وجہ سے پھیلنے والی بیماریوں جیسے ملیریا اور ڈینگی سے بچا سکیں۔
آگاہی واک میں پروفیسر ڈاکٹر شفقت سعید،پروفیسر ڈاکٹر عرفان احمد بیگ،عمران محمود،محمد رفیع فاروقی، ذوالفقار علی تبسم،ڈاکٹرز عبدالقیوم،ڈاکٹر بنیامین، ڈاکٹر عثمان جمشید،ڈاکٹر مرزا عابد،ڈاکٹر عمار مطلوب،عبدالعلیم سمیت دیگر فیکلٹی اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔


















