اساتذہ کی ‘اِن سروس پروموشنز’ کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے گا : منور کمال

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری مردانہ ملتان منور کمال نے کہا ہے کہ اساتذہ کی اِن سروس پروموشنز کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے گا اور اس سلسلے میں محکمہ تعلیم سنجیدہ اقدامات کر رہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج محکمہ تعلیم کی مختلف ٹیچرز یونینز کے رہنماؤں پر مشتمل ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔
وفد کی قیادت رانا محمد اسلم انجم (چیئرمین ایجوکیشن موومنٹ پنجاب و ڈپٹی ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ مسلم ہائی اسکول کلمہ چوک ملتان) نے کی۔
وفد میں راؤ ساجد مصطفیٰ، راؤ ذوالفقار احمد، راؤ محمد اشرف، محمد فاروق احمد، محمد یونس خان لودھی اور راؤ ندیم احمد شامل تھے۔
ملاقات کے دوران اساتذہ کو درپیش مختلف مسائل زیرِ بحث آئے، جبکہ بالخصوص ای ایس ٹی سے ایس ایس ٹی اساتذہ کی پروموشن کے لیے فوری اقدامات کا پُرزور مطالبہ کیا گیا۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری مردانہ ملتان منور کمال نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ اساتذہ کے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور پروموشنز کے عمل میں غیر ضروری تاخیر نہیں ہونے دی جائے گی۔
وفد نے ڈی ای او کی یقین دہانی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔




















