زکریا یونیورسٹی کا شعبۂ بین الاقوامی تعلقات بغیر تحریری ٹائم ٹیبل کے چلنے لگا

بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے شعبۂ بین الاقوامی تعلقات میں ماہِ رمضان کے دوران باقاعدہ تحریری ٹائم ٹیبل جاری نہ ہوسکا۔
تفصیل کے مطابق بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان مین ماہِ رمضان کے لیے دفتری اوقات کار دوپہر 2 بجے تک محدود کیے جانے کے باوجود شعبۂ بین الاقوامی تعلقات میں باقاعدہ تحریری ٹائم ٹیبل جاری نہ کیے جانے پر شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔
شعبہ کے چیئرمین کی جانب سے ماہ رمضان کے لیے کوئی باضابطہ تحریری شیڈول جاری نہیں کیا گیا جبکہ کلاسیں زبانی ہدایات پر جاری رکھی جا رہی ہیں، جسے یونیورسٹی کے قواعد و ضوابط کی صریح خلاف ورزی قرار دیا جا رہا ہے۔
یونیورسٹی انتظامیہ نے رمضان المبارک کے پیش نظر دفتری اوقات صبح 8 بجے سے دوپہر 2 بجے تک مقرر کیے ہیں، جبکہ عام دنوں میں یہ اوقات شام 4 بجے تک ہوتے ہیں۔ تاہم شعبۂ بین الاقوامی تعلقات میں نہ تو کلاسز کے اوقات میں باقاعدہ ردوبدل کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا اور نہ ہی طلباء و اساتذہ کو تحریری ہدایات فراہم کی گئیں۔
طلباء کے مطابق زبانی احکامات کے ذریعے کلاسوں کا انعقاد نہ صرف انتظامی بدنظمی کو ظاہر کرتا ہے بلکہ اس سے شفافیت اور جوابدہی کے اصول بھی متاثر ہو رہے ہیں۔




















