مہنگائی کی لہر میں شہریوں کو ریلیف دینے کا فیصلہ

ڈپٹی کمشنر ملتان طاہر وٹو نے کہا ہے کہ گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف مہم میں تیزی لائی جارہی ہے، تاکہ مہنگائی کی اس لہر میں شہریوں کو ریلیف دیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ منڈیوں میں شفاف بولیوں کے تحت سستی اشیاء خوردونوش شہر میں سپلائی کی جارہی ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ رو اچانک سبزی منڈی آمد اور کریانہ سٹورز کی انسپکشن کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ٹماٹر،پیاز اور آلو کی نیلامی کے عمل کا جائزہ لیا، ڈپٹی کمشنر طاہر وٹو کا کہنا تھا کہ منڈیوں سے مارکیٹ تک سستی سپلائی یقینی بنائی جائے گی جبکہ مڈل مین اور پھڑیے کا کردار مکمل ختم کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی کا رونا رو کر عوام کو لوٹنے والے کسی رعایت کے حقدار نہیں ہیں ۔
پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہر صورت سرکاری ریٹس لاگو کرنے کا حکم دیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ چند روز میں پرائس کنٹرول انسپکشن سکواڈ کا آغاز کررہے ہیں جو کہ عوامی شکایات پر فوری ایکشن لیکر جرمانے عائد کرے گا۔


















