ماں صحت مند تو بچے صحت مند : آفتاب احمد

آگاہی مہم کے فوکل پرسن اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر ملتان محمد حسن نے بتایا کہ آگاہی مہم کے سلسلے میں خواتین اور بچوں کیلئے تحصیل پاپولیشن ویلفیئر آفس ملتان سٹی و صدر نقشبند کالونی نزد رشیدآباد چوک میں ایک رنگا رنگ تفریحی میلے کا انعقاد کیا گیا ہے-
انھوں نے مزید بتایا کہ ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفس ملتان کے زیر اہتمام آج محکمہ سوشل ویلفیئر کے تعاون سے خواتین کیلئے خاندانی منصوبہ بندی آگہی نشست کا اہتمام کیا گیا –
پروگرام کا انعقاد سوشل ویلفیئر کے ذیلی ادارے صنعت زار کے کانفرنس ہال میں کیا گیا –
اس نشست میں صنعت زار کے افسران، خواتین اساتذہ اور طالبات نے شرکت کی-
مینیجر صنعت زار میڈم امتیاز فیروز نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی-
فیملی ہیلتھ کلینک نشتر ہسپتال سے ڈاکٹر عائشہ منیر نے ماں بچے کی صحت اور بچوں کیلئے ماں کے دودھ کی افادیت کو اجاگر کیا-
آگاہی نشست کا مقصد شریک خواتین کیلئے فیملی پلاننگ کی اہمیت، فوائد اور وقت کی اہم ضرورت کے موضوع کو اجاگر کرنا تھا-
اس سے قبل بستی جدا داد میں مرد حضرات کیلئے خاندانی منصوبہ بندی آگاہی پروگرام کا انعقاد کیا گیا-
ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر ملتان آفتاب احمد مہمان خصوصی تھے- اس موقع پرتاجر برادری اور بہت سے مقامی لوگوں نے آگہی نشست میں بھر پور شرکت کی-
ڈسٹرکٹ ڈیمو گرافر ملتان محمد آصف خان اور دیگر مقررین نے اپنے خطابات میں واضح کیا کہ اس وقت ملک میں پاپولیشن ایمرجنسی کا نفاذ ہے اور ایسے حالات میں ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرناچاہئیے تاکہ ملک کی بے ہنگم، بے ترتیب اور بے قابو آبادی کو ایک دھارے میں لاکر ملک و قوم کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے –
آخر میں ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر ملتان آفتاب احمد نے شرکاء کو محکمہ کے پاس مفت سہولیات و ادویات کے بارے میں آگاہ کیا تاکہ ضرورت مند افراد اور خاندان بھر پور فائدہ اٹھا سکیں۔


















