حکومت جنوبی پنجاب میں عوامی ترقی اور خوشحالی کے لیے اقدامات کو ترجیح دے رہی ہے:گورنر پنجاب

گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ ماضی میں حکومتیں جنوبی پنجاب کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کرتی رہی ہیں ، مگر وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت جنوبی پنجاب میں عوامی ترقی اور خوشحالی کے لیے اقدامات کو تر جیح دے رہی ہے ۔
نئے بلدیاتی نظام کے ذریعے بھی عوام کے مسائل ان کے گھر پر دہلیز پر حل کیے جائیں گے ۔
جنوبی پنجاب کے لیے پنجاب آب پاک اتھارٹی کے مزید 20 منصوبوں کا آج (بدھ)کو افتتاح کروں گا۔
وہ منگل کے روز نامور بزنس مین اور سماجی کارکن جلال الدین رومی کی رہائش گاہ پراپنے اعزاز میں منعقدہ تقر یب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔
اس موقعہ پر چیئر مین پنجاب آب پاک اتھارٹی ڈاکٹر شکیل احمد اور دیگر بھی موجود تھے۔ گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری جیسے مسائل کی بنیادی وجہ ماضی کی حکومتوں کی ناکام پالیسیوں کا نتیجہ ہے مگر جب سے تحر یک انصاف اقتدا ر میں آئی ہے ہم عوام کو مشکل تر ین معاشی حالات کے باوجود صحت اور تعلیم جیسی بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ احساس پروگرام جیسے منصوبوں کے ذریعے ریلیف بھی فراہم کر رہے ہیں اورانشاء اللہ ہر گزرتے دن کیساتھ عوام کو ریلیف میں مزید اضافہ ہوگا ۔
چوہدری محمدسرور نے کہا کہ ماضی میں جنوبی پنجاب سے سیاستدان اہم حکومتی عہدوں پر رہے ہیں مگر جنوبی پنجاب کے مسائل میں کمی کی بجائے ہمیشہ اضافہ ہوتا رہا ہے مگر تحر یک انصاف کی حکومت نے جنوبی پنجاب کی ترقی پر خصوصی فوکس کر رکھا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ کسانوں کو کسان کارڈ بھی تحر یک انصاف کی حکومت کا تحفہ ہے اور پنجاب میں پہلی بارپورے صوبے میں یکساں ترقی پر کام ہورہا ہے اوراس بات میں کوئی شک نہیں کہ وفاق کی مضبوطی کے لیے چاروں صوبوں کا مضبوط ہونا لازم ہے ۔
اُنہوں نے کہا کہ وفاق کی مضبوطی ہی تحر یک انصا ف کی حکومت کی تر جیح ہے ۔
گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کو پینے کے صاف کی فراہمی کے لیے پنجاب آب پاک اتھارٹی کے 200سے زائد منصوبوں پر پہلے ہی تیزی کے ساتھ کام جارہی ہے یہ منصوبے مارچ2022تک مکمل ہوجائیں گے اور آج مزید بیس منصوبوں کا بھی افتتاح کیا جارہا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ انشا ء اللہ جنوبی پنجاب کے عوام کو بغیر کسی سیاسی تفر یق شہروں اور دیہاتوں میں پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے گا۔
پنجاب کے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ پنجاب میں پہلی بار نئے بلدیاتی نظام کے اختیارات عوام کو نچلی سطح پر منتقل کیے جا رہے ہیں ۔
اُنہوں نے کہا کہ نئے بلدیاتی نظام سے نہ صرف جمہوریت مزید مضبوط ہوگی بلکہ عوام کے مسائل بھی ان کے گھر کی دہلیز پر حل کر نے میں مدد ملے گی ۔



















