ویمن یونیورسٹی میں ‘ڈیجیٹل لائبریری مکتبہ شاملہ’ کے حوالے سے تربیتی ورکشاپ
ویمن یونیورسٹی میں ڈیجیٹل لائبریری مکتبہ شاملہ کے حوالے سے تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیاگیا۔
تقریب کی مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عظمی قریشی تھیں، اس ورکشاپ کی چیف آرگنائزر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ صدر شعبہ علوم اسلامیہ و عربی اور فوکل پرسن ڈاکٹر مکیہ نبی بخش اسٹنٹ پروفیسر شعبہ عربی تھیں ۔
اس موقع پر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی نے کہا کہ شعبہ علوم اسلامیہ اور شعبہ عربی ہمیشہ طالبات کی بہتری اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں پیش پیش رہتے ہیں۔
طالبات کی تحقیقی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے مکتبہ شاملہ کی ٹریننگ کرانا خوش آئند ہے، اس مکتبہ کی ویب سائٹ پر کتابوں کی تعداد لاکھ سے بھی تجاوز کر چکی ہے۔ سافٹ ویئر میں موجود کتابوں کے متون قابل تلاش ہیں۔ ان کتابوں کو مکتبہ کی سائٹ یا سافٹ ویئر سے پڑھا اور اتارا جا سکتا ہے۔امید کرتے ہیں کہ یونیورسٹی کی طالبات اس سے فائدہ اٹھائیں گی۔
ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کی ٹریننگ کے فرائض فیکلٹی ممبر ڈاکٹر رقیہ بانو لیکچرار شعبہ علوم اسلامیہ، نے سر انجام دئیے۔
طالبات کو سافٹ ویئر کی انسٹالیشن سے لے کر اس کے استعمال کا مکمل طریقہ پریکٹس کے ساتھ سکھایا گیا۔
سیشن کے اختتام میں صدر شعبہ پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کہا کہ یہ سافٹ ویئر عربی، اسلامیات کے طلباء کے لئے ایک نعمت مترقبہ سے کم نہیں ہے۔
یہ ڈیجیٹل لائبریری سیکٹروں کتب تک بغیر انٹرنیٹ کے رسائی کی سہولت فراہم کرتی ہے، اس لئے طالبات کو اس سے لازمی استفادہ کرنا چاہیئے۔
طالبات لازمی اس کی پریکٹس کریں گی اور کسی بھی مشکل کی صورت میں وہ شعبہ کے اساتذہ سے رجوع کر سکتی ہیں۔
آخر میں شرکا میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے گئے۔