سودی اور غیر شرعی مالیاتی نظام کے خاتمے کے لئے سرگرم ہیں۔ ڈاکٹر حنیف اختر
بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی کے شعبہ کامرس میں پہلے اسلامک فنانس سینٹر کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد حنیف اختر نے کہا ہے کہ پنجاب کے پہلے اسلامک فنانس سنٹر کا قیام میزان بینک کے تعاون سے عمل میں لایا گیا۔
اس سنٹر کے قیام کے نمایاں مقاصد میں بالعموم جنوبی پنجاب اور بالخصوص پاکستان میں سودی بینکاری کے نظام کا خاتمہ کرنا ، اور ایسی افرادی قوت مہیا کرنا ہے جو کہ اس نظام کو چلانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کرے۔
اس کے علاوہ اس کے بنیادی مقاصد میں ایسی تحقیق اور تدریس کا فروغ ہے جو کہ سودی اور غیر شرعی مالیاتی نظام کے خاتمے میں مددگار ثابت ہو ، اور ایسے مالیاتی نظام کے حصول کیلیے کوشاں ہو جو کہ شرعی اصولوں کے مطابق موجودہ مالیاتی نظام کا متبادل فراہم کرے۔
سینٹر اس سلسلے میں اپنی کوششیں شروع کر چکا ہے اور ایسے طویل مدتی اور قلیل مدتی کورسز ترتیب دیئے جا رہے ہیں، جن کا بنیادی مقصد معاشی و بینکاری نظام میں موجودہ افرادی قوت کی ٹریننگ اور طویل مدتی کورسز کے ذریعے 2027 تک نوجوانوں کی ایسی کھیپ تیار کرنا شامل ہے جو کہ سودی بینکاری کے خاتمے اور اسلامی بینکاری کے نظام کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
اس سلسلے میں سینٹر میں بی ایس اسلامک فنانس کے پہلے سیشن کا آغاز کیا جا چکا ہے جس سے امید ہے کہ 2027 میں پاس آؤٹ طلباء سودی بینکاری کے نظام کے خاتمے میں اپنی خدمات پیش کریں گے۔