مستحق طلباءو طالبات کو یونیفارم، جوتے اور بیگ سمیت دیگر سہولیات فراہم کرنے کافیصلہ

ڈپٹی کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے کہا کہ کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے سرکاری تعلیمی اداروں کے بچوں کی فلاح و بہبود کیلئے منفرد اقدام اٹھایا ہے ، اس سلسلے میں نجی سیکٹر کے تعاون سے سرکاری سکولز میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کا آغاز کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مستحق طلباءو طالبات کو یونیفارم، جوتے اور بیگ سمیت دیگر سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز گورنمنٹ ہائی سکول کھوکھراں کے دورہ کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر عامر کریم خاں نے طلباء میں گرم ملبوسات اور جوتے تقسیم کئے ۔ملتان لائینز کریسنٹ کلب کے چیئرپرسن افضل سپرا بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ موسم کوئی بھی ہو بچوں کو اب مکمل سہولیات ملیں گی لائنز کریسنٹ کلب سمیت سماجی تنظیموں کے ساتھ ملکر سکولز کی حالت زار بہتر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سلسلے میں ملتان کریسنٹ لائنز کلب نے پہلے مرحلے میں بستی کھوکھراں سکول کو “آڈاپٹ “کر لیا ہے ،اور اس سکول میں تمام سہولیات فراہم کرنے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہائی سکول بستی کھوکھراں کے طلباء اور سکول میں سہولیات کو پورا کیا جائے گا اور صاف پانی کی فراہمی سمیت فرنیچر کی بھی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بچہ یونیفارم اور جوتے نہ ہونے سے تعلیم سے محروم نہیں رہے گا۔
قبل ازیں چیئرپرسن لائیز کلب محمد افضل سپرا نے سکول کی بہتری کیلئے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی


















