ملتان میں پی ایس ایل 2024 کے لئے تیاریاں شروع ہوگئیں
ڈپٹی کمشنر ملتان کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر نے کہا کہ شہر اولیاء کے کرکٹ شائقین کیلئے پاکستان سپر لیگ سیزن 9 کا رنگا رنگ میلہ ملتان میں 18 فروری سے شروع ہوگا، جس میں پی ایس ایل کے 5 میچز ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ شائقین کرکٹ کیلئے سیکورٹی اور دیگر انتظامات کیلئے خصوصی اقدامات کرے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر آفس میں پی ایس ایل کے سلسلے میں انتظامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
سی پی او صادق علی ڈوگر،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد سیف، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس مبشر الرحمن سمیت ضلعی حکام نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر نے کہا کہ پی ایس ایل سیزن 9 کے دوران ملتان میں پہلا میچ 18 فروری کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، اس سلسلے میں ڈے اینڈ نائٹ میچز بھی کھیلے جائیں گے۔
رضوان قدیر نے کہا کہ غیر ملکی کھلاڑیوں کی آمد کے پیش نظر سیکورٹی ریڈ الرٹ رکھی جائے گی، جبکہ سٹیڈیم کے روٹس پر بھی خصوصی اقدامات کئے جائیں گے۔
سی پی او صادق علی ڈوگر نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر کرکٹ ٹورنامنٹ کے حوالے سے فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گئی، جبکہ روٹس اور ہوٹلز سمیت تمام حساس مقامات کی خصوصی سکریننگ بھی جائے گی۔
اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ حکام کی جانب سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔