ڈی پی آئی کالجز کا بڑا مراسلہ سامنے آگیا

ڈی پی آئی کالجز نے پروموشن لنکڈ ٹریننگ میں شرکت یا عدم شرکت سے متعلق اساتذہ کے ذہنوں میں پائے جانے والے ابہامات دور کر دیے گئے ہیں۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشن پنجاب سید ارتضیٰ امیر نقوی نے اس ضمن میں ایک وضاحتی مراسلہ جاری کیا ہے جو صوبے بھر کے تمام ڈویژنل ڈائریکٹرز کو ارسال کر دیا گیا ہے۔
مراسلے کے مطابق وہ اساتذہ جو اس وقت ایکس پاکستان لیو یا اسٹڈی لیو پر ہیں، پروموشن لنکڈ ٹریننگ میں شرکت کے اہل نہیں ہوں گے۔ تاہم ایسے اساتذہ جو چھٹی مکمل کر کے واپسی پر اپنی ڈیوٹی رپورٹ جمع کرا چکے ہیں، وہ ٹریننگ میں شرکت کر سکتے ہیں۔
ایڈیشنل ڈی پی آئی نے واضح کیا ہے کہ بیرونِ ملک یا اندرونِ ملک ڈیپوٹیشن پر تعینات ملازمین اس ٹریننگ کو جوائن کرنے کے اہل نہیں ہوں گے، البتہ وہ اساتذہ جن کے پروموشن کیسز حالیہ عرصے میں ٹریننگ سرٹیفکیٹ نہ ہونے کی بنیاد پر ڈیفر کیے گئے تھے، انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر پروموشن لنکڈ ٹریننگ جوائن کریں تاکہ ان کے کیسز آئندہ کسی تاخیر کا شکار نہ ہوں۔
محکمہ تعلیم کے اس وضاحتی مراسلے کو اساتذہ کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف ابہام ختم ہوا ہے بلکہ پروموشن کے عمل میں شفافیت اور یکسانیت کو بھی یقینی بنایا گیا ہے




















