گیلانی لا کالج کے نئے پرنسپل نے چارج سنبھال لیا

زکریا یونیورسٹی کے، گیلانی لا کالج میں ڈاکٹر محمد بلال نے بطور پرنسپل باقاعدہ طور پر چارج سنبھال لیا ہے، ان کی تقرری کو ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے جو ادارے کو علمی، تحقیقی اور انتظامی ترقی کی نئی راہوں پر گامزن کرے گی۔
ڈاکٹر محمد بلال ایک ممتاز ماہر قانون اور منتظم ہیں جنہوں نے پی ایچ ڈی برطانیہ سے مکمل کی، ان کا تحقیقی موضوع ‘ٹریڈ ڈیفنس لاز اور اینٹی ڈمپنگ لاز’ پر تھا، اور وہ پاکستان بھر میں اس مضمون میں واحد پی ایچ ڈی اسکالر ہیں۔
اس سے قبل انہوں نے ایل ایل ایم (کمنڈیشن کے ساتھ) برطانیہ سے اور ایل ایل بی گیلانی لا کالج، بی زیڈ یو سے حاصل کیا، انہیں قانون کے مختلف شعبہ جات میں 16 سال سے زائد تدریسی و تحقیقی تجربہ حاصل ہے۔ وہ اب تک دو پی ایچ ڈی اسکالرز اور 20 سے زائد ایم فل تھیسس کی نگرانی کر چکے ہیں۔
گیلانی لا کالج میں وہ ڈائریکٹر اسٹوڈنٹ افیئرز کے طور پر فرائض سر انجام دیتے رہے، جہاں انہوں نے طلبہ کو مثبت سرگرمیوں اور سوسائٹیز کے ذریعے ایک فعال، مہذب، اور سیکھنے والا ماحول فراہم کیا۔ وہ ایل ایل ایم پروگرام کے کوآرڈینیٹر بھی رہ چکے ہیں، وہ ملک کی مختلف جامعات و اداروں کے بورڈ آف اسٹڈیز، بورڈ آف فیکلٹی، اکیڈمک کونسل، اور سلیکشن بورڈز کے رکن بھی ہیں۔



















