ڈی ایس ریلوے کی بڑی ملاقات، اہم فیصلے

ڈی۔ایس ملتان کی سربراہی میں پاکستان ریلوے ملتان ڈویژن میں مختلف یونینز کے عہدیداران کا اجلاس اہم فیصلے کیے گئے
تفصیل کے مطابق افتخار حسین ، ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ، پاکستان ریلوے ملتان ڈویژن کی زیر صدارت پاکستان ریلوے ملتان ڈویژن میں کام کرنے والی مختلف یونینز کے عہدیداران کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا اور ریلوے کی ترقی کے لیے مؤثر اقدامات کو مثبت انداز میں آگے بڑھانے پر زور دیا گیا۔
اجلاس کے دوران اجتماعی معاملات پر فوکس، باہمی اتحاد و یگانگت کے فروغ اور پاکستان ریلوے کی بہتری کے لیے مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینے کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔
ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ نے شورکوٹ سیکشن کی سیلاب کے بعد مکمل بحالی پر تمام متعلقہ یونینز کو مبارکباد دی اور اس سلسلے میں یونینز کے کردار کو سراہا۔
مزید برآں یونینز کے گزشتہ سالوں اور ماضی میں ادا کیے گئے کردار، انفرادی و اجتماعی تجربات اور درپیش چیلنجز پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر ملتان ڈویژن میں کسی بھی قسم کے اختلافات کو باہمی مشاورت اور افہام و تفہیم کے ذریعے حل کرنے کی مثبت ہدایات جاری کی گئیں۔
تمام یونینز کے عہدیداران نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے پاکستان ریلوے کی مزید بہتر خدمت کے عزم کا اعادہ کیا۔
اجلاس میں پریم یونین، سمپارس یونین، محنت کش یونین، مزدور یونین، ایپکا ملتان ڈویژن، یارڈ اسٹاف ایسوسی ایشن، ریٹائرڈ ایمپلائز ایسوسی ایشن، گارڈ ایسوسی ایشن اور انقلابی یونینز کے سربراہان و نمائندگان نے شرکت کی۔
اجلاس میں ڈویژنل افسران بھی شریک ہوئے جن میں ڈی پی او ملتان، ڈی ٹی او ملتان ڈویژن، ڈویژنل انجینیئرز, ڈویژنل مکینیکل انجینئر اور سینیئر ویلفیئر انسپکٹر شامل تھے۔



















