نئے ڈویژنل سپرنٹینڈنٹ ملتان نے چارج سنبھال لیا

پاکستان ریلویز ڈویژنل سپرنٹینڈنٹ ملتان کے عہدے کا باضابطہ چارج نئے تعینات ہونے والے ڈی ایس ملتان محمد حنیف گل کے سپرد کر دیا گیا۔
پاکستان ریلویز کے ڈویژنل آفس میں منعقدہ تقریب میں چارج کی منتقلی کا عمل مکمل کیا گیا، محمد حنیف گل کی آمد پر داخلی دروازے پر افسران اور ملازمین کی بڑی تعداد نے ان کا پرتپاک استقبال کیا جبکہ بعد ازاں ڈویژنل افسران نے بھی خیر مقدم کیا۔
کمیٹی روم میں منعقدہ تقریب کے دوران استقبالیہ اور الوداعی خطابات ہوئے اور سابق ڈویژنل سپرنٹینڈنٹ افتخار حسین نے نئے ڈی ایس کا افسران سے تعارف کروایا اور اپنے دورِ تعیناتی میں ملنے والے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
چارج سنبھالنے کے بعد محمد حنیف گل نے خطاب کرتے ہوئے ٹیم ورک، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ دیانتداری کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی اور علاقائی حالات، خصوصاً سرحدی کشیدگی اور ایران، امریکہ اور اسرائیل کے درمیان جاری تنازعات کے تناظر میں قومی اداروں کی ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان آرمی ملک کی دفاعی سرحدوں کی حفاظت میں مصروف عمل ہے جبکہ پاکستان ریلویز بطور ایک سٹریٹیجک قومی ادارہ دفاعی لاجسٹکس، افواج کی نقل و حرکت، سازو سامان کی ترسیل اور ہنگامی صورتحال میں قومی معاونت کے حوالے سے کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ریلوے محض سفری سہولت فراہم کرنے والا ادارہ نہیں بلکہ قومی سلامتی اور معیشت کی شہ رگ کی حیثیت رکھتا ہے، جس کی فعالیت اور تیاری کو ہر وقت یقینی بنانا اجتماعی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے افتخار حسین کی خدمات کو سراہتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ ادارے کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جائے گا اور اسے قومی تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔
تقریب کے اختتام پر افتخار حسین کو الوداع کیا گیا اور ان کی خدمات پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔



















