Paid ad
Breaking NewsEducationتازہ ترین

حکومتِ پنجاب تعلیمی ترقی و بہتری کے لیے کوشاں ہے، سی ای او ایجوکیشن

سی ای او ایجوکیشن ملتان ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ نے کہا ہے کہ حکومتِ پنجاب تعلیمی ترقی و بہتری کے لیے کوشاں ہے، خصوصاً سرکاری سکولوں میں معیارِ تعلیم اور انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے تعلیمی وژن اور وزیرِ تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کی ہدایات کی روشنی میں انقلابی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ پیکج برائے مسنگ فیسلٹیز کے تحت ضلع ملتان کے سرکاری سکولوں کے لیے 489 ملین روپے کی خطیر رقم سے 194 سکولوں اضافی کلاس رومز، 153 سکولوں میں باؤنڈری والز اور 64 سکولوں میں ٹوائلٹ بلاکس تعمیر کیے جا رہے ہیں۔ پہلے مرحلے میں 245 ملین روپے سکولوں کے این ایس بی اکاؤنٹس میں منتقل کر دیے گئے ہیں تاکہ تمام ترقیاتی کام مقررہ مدت میں مکمل کیے جا سکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز گورنمنٹ پرائمری سکول کوٹلہ رحم علی مرکز لاڑتحصیل صدر ملتان کے دو کلاس رومز اور برآمدے پر مشتمل نیو بلاک کو مرحوم اے ای او چوہدری اختر علی کے نام سے منسوب کرنے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے بطورِ مہمانِ خصوصی اپنے خطاب میں کیا۔

تقریب سے مہمانانِ اعزاز ڈی ای او ایلیمنٹری سکولز ملتان راؤ شمشاد علی، سینئر سماجی رہنما میاں نعیم ارشد، سینئر ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ ہائی سکول چک نمبر 14 فیض ظفر خان بابر اور اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر مرکز لاڑ چوہدری محمد نعیم نے بھی خطاب کیا۔

سی ای او ایجوکیشن ملتان ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ نے مزید کہا کہ سکول ہیڈز اور سکول کونسلز کے ممبران کی زیر نگرانی تمام ترقیاتی کام مکمل کیے جائیں گے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ترقیاتی و تعمیراتی کام انتہائی ایمانداری، ذمہ داری اور مکمل شفافیت کے ساتھ انجام دیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ سکول کے نیو بلاک کو مرحوم چوہدری اختر علی کے نام سے منسوب کرنا ایک احسن قدم ہے، چوہدری اختر علی کی تعلیمی و انتظامی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button