کل سے تعلیمی ادارے کھل جائیں گے

محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب نے صوبے بھر کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کو یکم اپریل 2026 (بدھ) سے دوبارہ کھولنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
جاری اعلامیے کے مطابق موجودہ صورتحال کے پیش نظر تعلیمی سرگرمیوں کو محدود شیڈول کے تحت بحال کیا جائے گا، جس کے تحت پیر سے جمعرات تک چار روزہ تعلیمی ہفتہ ہوگا۔ جمعہ اور ہفتہ کو فزیکل کلاسز بند رہیں گی، تاہم ضرورت کے مطابق ان دنوں میں آن لائن کلاسز کا انعقاد کیا جا سکے گا۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ تمام جاری امتحانات اور اسیسمنٹس پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق ہی منعقد ہوں گے اور اس میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔
مزید برآں صوبے کے تمام ضلعی تعلیمی افسران کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ حکومتی احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں اور اسکولوں میں حاضری و تدریسی نظام کی موثر نگرانی کریں۔
حکام کے مطابق یہ فیصلہ موجودہ بحران اور ایندھن کی بچت کے پیش نظر کیا گیا ہے تاکہ توانائی کے استعمال میں کمی لاتے ہوئے تعلیمی سلسلہ بھی جاری رکھا جا سکے۔



















