ایمرسن یونیورسٹی کا بڑا اعزاز
ایمرسن یونیورسٹی ملتان سکلز ڈویلپمنٹ کے لیے 68 انٹر نیشنل کورسز کرانے والی پاکستان کی پہلی درسگاہ بن گئی۔
وائس چانسلر ایمرسن پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان کی زیر نگرانی طلباء کی پیشہ وارانہ مہارتوں کے فروغ کے لیے سیکھو رزق حلال کی خاطر مہم کے تحت 68 کورسز کا اجراء کر دیا گیا ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ سارے شارٹ کورسز عالمی اور بین الاقوامی مارکیٹ اور دور حاضر کی ضرورتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے تشکیل دیے گئے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ ان کورسز کے لئے انتہائی کم فیس میں اعلیٰ اور معیاری عملی تجربات سے روشناس کرایا جائے گا۔
ان کورسز کو سراہتے ہوئے سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور چیئرمین پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے کہا کہ ایمرسن یونیورسٹی پاکستان کی پہلی اور واحد یونیورسٹی جہاں پر عالمی معیار کے مطابق اور اعلیٰ تعلیم یافتہ قومی اور بین الاقوامی تجربہ کے حامل اساتذہ کی زیر نگرانی یہ مختصر دورانیہ کے کورسز پنجاب حکومت کے وژن کے مطابق شروع کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان کی علمی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایمرسن یونیورسٹی پاکستان کی تمام یونیورسٹیوں کے لیے رول ماڈل ہے، یہ مختصر دورانیہ کے کورسز طلباء کی تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ ذریعہ معاش بنیں گے۔