زکریا یونیورسٹی انجینئرنگ کالج میں داخلے لئے انٹری ٹیسٹ 3 اگست کو ہوگا

زکریا یونیورسٹی: انجینئرنگ پروگرامز میں فال سمسٹر میں داخلے کے لئے انٹری ٹیسٹ 3 اگست کو ہوگا، اس حوالے سے انتظامات ترتیب دے دیئے گئے۔
بتایاگیا ہے کہ بہاءالدین زکریا یونیورسٹی میں انجینئرنگ پروگرامز میں داخلے کے لیئے داخلہ ٹیسٹ کمیٹی کا اجلاس ایڈمن بلاک کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا ، جس کی صدارت چیئرمین ایڈمیشن کمیٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد عزیر نے کی۔
اجلاس میں ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر طاہر سلطان، کنٹرولر امتحانات پروفیسر ڈاکٹر محمد امان اللہ، چیئرمین مکینیکل انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر فرخ ارسلان صدیقی، ڈپٹی رجسٹرار اعجاز احمد، ڈپٹی خزانہ دار خالد بن طالب اور ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی شیخ ممتاز نے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ زکریا یونیورسٹی میں انجینئرنگ کے آٹھ پروگرامز میں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ 3 اگست کو زکریا یونیورسٹی میں منعقد ہوگا۔
داخلہ ٹیسٹ انٹرمیڈیٹ لیول کے معروضی سوالات پر مشتمل ہوگا ، تاہم داخلہ کیلئے یو ای ٹی لاہور کے انٹری ٹیسٹ کا رزلٹ بھی تسلیم کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ انجینئرنگ کے داخلہ ٹیسٹ کے لیئے فیکلٹی آف انجینئرنگ کے شعبہ جات کو سینٹر بنایا گیا ہے۔



















