کراچی ٹیسٹ : پاکستان کیخلاف پاکستان میں پہلی بارکلین سوئپ کیلئے انگلینڈکو 55 رنز درکار
کراچی ٹیسٹ کے تیسرے روز کے اختتام پر میزبان پاکستان کے167 رنز کے ہدف کے جواب میں مہمان انگلینڈ نے 2 وکٹ پر 112 رنزبنالیے ہیں ، اور اسے پاکستان کے خلاف پاکستان میں پہلی بار کلین سوئپ کرنے کے لیے مزید 55 رنز درکار ہیں۔
نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ کے تیسرے روز پاکستان نے اپنی دوسری نامکمل اننگز کا آغاز 21 رنز بغیر کسی نقصان سے کیا تو شان مسعود 3 اور عبداللہ شفیق 14 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے، اور پاکستان کو انگلینڈ کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کیلئے مزید 29 رنز درکار تھے۔
پاکستان کا اسکور 53 رنز پر پہنچا تو پہلے شان مسعود ریورس سوئپ کھیلنے کی کوشش میں لیچ کی گیند پر بولڈ ہو گئے، اور پھر اپنا آخری ٹیسٹ کھیلنے والے اظہر علی بھی دوسری ہی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
عبداللہ شفیق بھی 26 رنز بنا کر لیچ ہی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔کپتان بابر اعظم 54 اور سعود شکیل 53 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ فہیم اشرف صرف ایک رن بنا کر جو روٹ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
نعمان علی 15 رنز بنا کر مارک ووڈ کی گیند پر ایل بھی ڈبلیو ہوئے، محمد وسیم جونیئر 2 رنز بنا کر ریحان احمد کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے پھر آغا سلمان بھی 21 رنز بناکر ریحان کی گیند پر چلتے بنے اور پوری پاکستانی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 216 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
انگلینڈ کی جانب سے جیک لیچ نے 3 ، جوروٹ اور مارک ووڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ،جب کہ لیگ اسپنر ریحان احمد نے میچ میں 7 وکٹیں حاصل کیں۔
167 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلش بیٹرز نے ٹیسٹ کو ٹی ٹوئنٹی بنالیا، اور تیز رفتار بیٹنگ کرتے ہوئے آج ہی میچ ختم کرنےکی کوشش کی تاہم خراب روشنی آڑے آگئی جس کے باعث میچ روک دیا گیا۔
تیسرے روز کھیل کے اختتام پر انگلینڈ نے 2 وکٹ پر 112 رنزبنالیے ہیں، اور اسے پاکستان کے خلاف پاکستان میں پہلی بار کلین سوئپ کرنے کے لیے مزید 55 رنز درکار ہیں ، اور اس کی 8 وکٹیں باقی ہیں۔
یاد رہے کہ کراچی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستانی ٹیم 304 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی، جس کے جواب میں انگلینڈ کی ٹیم نے 354 رنز بنائے تھے اور پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں 50 رنز کی برتری حاصل کی تھی۔
تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو دو صفر کی فیصلہ کن سبقت حاصل ہے۔