زکریا یونیورسٹی: فیکلٹی آف فوڈ سائنس اینڈ نیوٹریشن کے زیر اہتمام "ماں کا دودھ ترجیحی حق ہے” کے موضوع پر ایک روزہ سیمینار کا انعقاد

زکریا یونیورسٹی ملتان فیکلٹی آف فوڈ سائنس اینڈ نیوٹریشن کے زیر اہتمام یونیسیف کے تعاون سے "ماں کا دودھ ترجیحی حق ہے” ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔
ڈین پروفیسر ڈاکٹر محمد ریاض نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ ماں کا دودھ پینے والے بچوں میں غذائی کمی کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہوتے ہیں۔ یہ دودھ بچے کو صرف کیلوریز ہی نہیں دیتا بلکہ آئرن، کیلشیم، اور وٹامن ڈی جیسی ضروری غذائیت بھی فراہم کرتا ہے جو ہڈیوں، دماغ اور پٹھوں کی مضبوطی کے لئے بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔
ڈی جی ہیلتھ فور ساؤتھ پنجاب ڈاکٹر سید علی محمد مہدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بریسٹ فیڈنگ صرف بچے کی صحت کے لئے ہی ضروری نہیں بلکہ یہ ماں کی صحت کے لئے بھی بے حد فائدہ مند ہے۔ یہ ماں کو کئی امراض مثلاً بریسٹ کینسر، ہائی بلڈ پریشر اور ذیابیطس جیسے مسائل سے محفوظ رکھنے میں کردار ادا کرتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ ماں اور بچے کے درمیان ایک ایسا روحانی اور جذباتی رشتہ قائم کرتی ہے جسے دنیا کی کوئی اور چیز نہیں بدل سکتی۔
ڈائریکٹر پلانگ کمیشن اینڈ ڈیٹا اینالسٹ یونیسیف پاکستان محمد نعمان غنی نے شرکا کو بتایا کہ یونیسف کی کوشش ہے کہ کوئی بھی بچہ ماں کے دودھ کی نعمت سے محروم نہ رہے، ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ ڈبے کا دودھ یا کوئی بھی مصنوعی غذا کبھی بھی ماں کے دودھ کا نعم البدل نہیں بن سکتی۔ ماں کے دودھ میں موجود قدرتی وٹامنز اور اینٹی باڈیز بچے کو وہ قوتِ مدافعت فراہم کرتے ہیں جو اسے پوری زندگی بیماریوں سے لڑنے کے قابل بناتی ہے۔
سیمینار میں فیکلٹی کے دیگر اساتذہ ڈاکٹر طارق اسماعیل، ڈاکٹر خرم افضل، ڈاکٹر عدنان امجد ،ڈاکٹر ماجد حسین، ڈاکٹر عامر اسماعیل، ڈاکٹر محمد صمیم جاوید، ڈاکٹر میمونہ عامر بھی موجود تھے۔
سیمینار کے اختتام پر مہمانوں میں شیلڈز تقسیم کی گئیں۔



















