زرعی یونیورسٹی میں خاندانی منصوبہ بندی بارے سیمینار
محکمہ بہبود آبادی حکومت پنجاب ضلع ملتان کے زیرِ انتظام ایم این ایس زرعی یونیورسٹی ملتان میں خاندانی منصوبہ بندی بارے سماجی رویوں میں تبدیلی سے متعلق معلوماتی اور آگاہی سیمینار انعقاد پذیر ہوا۔
یونیورسٹی وائس چانسلر ڈاکٹر اشتیاق احمد رجوانہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور کہا کہ اس طرح کے آگاہی پروگرام وقت کی سخت ضرورت ہیں، سیمینار کا اصل مقصد تب ہی حاصل ہوگا جب نوجوان اور تعلیمی طبقہ خاندانی منصوبہ بندی کے حوالے سے آگاہی اور معاشرتی رویوں میں مثبت تبدیلیاں لانے کے عمل میں بھر پور کردار ادا کرے۔
ڈسٹرکٹ پاپولیشن آفیسر مہر خضر حیات نے طلباء و طالبات سے مخاطب ہوکر بالخصوص اس بات پر زور دیا کہ ہر طبقہ خاندانی منصوبہ بندی سے متعلق معاشرتی اور معاشی فوائد کے بارے میں اپنے طور پر بات کرے۔
فوڈ ڈیپارٹمنٹ کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر عمر فاروق اور مختلف پروفیسرز بھی تقریب میں شریک ہوئے اور خاندانی منصوبہ بندی سے متعلق سماجی و عوامی رویوں بارے اپنی ماہرانہ گفتگو پیش کیں۔
ڈپٹی ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسرز ملک محمد حسن ، ڈاکٹر عفت عمر بچہ ، تحصیل پاپولیشن ویلفیئر آفیسر حماد دلاور . محکمہ اوقاف سے مفتی محمد عبداللہ فریدی، پروفیسر شہباز، پروفیسر عثمان ، دیگر ڈاکٹرز ، پروفیسرز ، پاپولیشن ویلفیئر سٹاف اور کثیر تعداد میں طلباءو طالبات نے شرکت کی، سیمینار نہ صرف تعلیمی سرگرمی تھا بلکہ خاندانی منصوبہ بندی کی اہمیت کو اجاگر کرنے کا ایک بہترین موقع بھی ثابت ہوا، سیمینار میں آگاہی سٹال بھی لگایا گیا۔