فیڈرل بورڈ حکام نے آوٹ آف پیٹرن پرچے کا نوٹس لے لیا
فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے چیئرمین نے سیکنڈری سکول سرٹیفکیٹ (ایس ایس سی) کے امتحان کے لیے اسلامیات لازمی (پارٹ 1) کے سوالیہ پرچے سے متعلق امیدواروں کی شکایات کا نوٹس لے لیا، اور معاملے کی تحقیقات کے لیے چار رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
کمیٹی میں ڈائریکٹر (رجسٹریشن اینڈ سپورٹس) ڈائریکٹر (ریسرچ اینڈ اکیڈمکس) ڈائریکٹر آف اکیڈمکس اور نیشنل کریکولم کونسل کا ایک نمائندہ شامل ہے۔
کمیٹی پیپر میں بنائے گئے سوالات، نصاب اور تجویز کردہ کتابوں کے ساتھ صف بندی اور اداروں میں پڑھائی جانے والی نصابی کتابوں کے مواد کا جائزہ لے گی،کمیٹی چند روز میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔
اسلامیات لازمی حصہ اول کا پرچہ جمعرات کو منعقد ہوا، اور فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کے تحت کام کرنے والے تعلیمی اداروں کے امیدواروں نے شکایت کی کہ پرچہ کورس سے باہر تھا، اور زیادہ تر سوالات پچھلے نصاب سے منتخب کیے گئے تھے۔
ایف بی آئی ایس ای نے بتایا ہے کہ اسلامیات پارٹ 1 ایس ایس سی کے پرچے میں ایک لاکھ 37ہزار سے زیادہ امیدوار شامل ہوئے، جن میں سے ایک لاکھ 12 ہزار 473 نے پرانے نصاب کا انتخاب کیا اور 24 ہزار857 نے نئے نصاب کا انتخاب کیا۔