آڈیو لیکس : وفاقی کابینہ نے عمران خان کیخلاف کارروائی کی منظوری دیدی
وفاقی کابینہ نے آڈیو لیکس کے معاملے پر سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف قانونی کارروائی کی منظوری دیدی۔
وفاقی کابینہ نے 30ستمبر کو عمران خان کی سائفر سے متعلق آڈیو لیک پر کابینہ کمیٹی بنائی تھی، کابینہ کمیٹی نے یکم اکتوبر کے اجلاس میں قانونی کارروائی کی سفارش کی تھی۔
کابینہ کمیٹی کی سفارشات کو سمری کی شکل میں کابینہ کی منظوری کے لیے پیش کیا گیا جس کی منظوری دے دی گئی ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ وفاقی کابینہ نے عمران خان کے دور کے وزراء اور سابق سیکرٹری اعظم خان کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی باضابطہ منظوری دیدی ہے۔
وفاقی کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعےکابینہ کمیٹی کی سفارشات کی منظوری دی، جس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ سفارتی سائفر سے متعلق آڈیو لیک پر تحقیقات ہوں گی، سائفر سے متعلق تحقیقات ایف آئی اے سے کرائی جائے گی۔
یاد رہے کہ دو روز قبل وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں امریکی سائفر اور آڈیو لیکس کے معاملے پر تفصیلی تبادلہء خیال کیا گیا تھا۔