پٹرول بحران میں ملوث افراد کے خلاف ایف آئی اے کا گھیرا تنگ
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے وزارت پٹرولیم اور اوگرا افسران کو پٹرول بحران میں مبینہ طور پر ملوث ہونے پر گرفتار کر لیا۔
پٹرول بحران میں ملوث افراد کے خلاف ایف آئی اے نے گھیرا تنگ کردیا ، انکوائریز کے بعد ایف آئی اےلاہور میں مقدمات درج کرلئے گئے، مقدمات 2آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اورسرکاری حکام کے خلاف درج کیےگئے۔
ایف آئی اے نے او ایم سی کے سی ای او ، اوگرا کے ممبر گیس عامرنسیم ، ممبرآئل اوگرا عبداللہ ملک، ڈی جی آئل وزارت پٹرولیم شفیع اللہ اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرآئل وزارت پٹرولیم عمران ابڑو کو گرفتار کرلیا۔
اوگرا افسران نے غیر قانونی پٹرولیم مارکیٹنگ لائسنس جاری کیے جبکہ وزارت توانائی وپٹرولیم کےافسران نے ناجائز پٹرولیم امپورٹ کوٹہ جاری کیا۔
ایف آئی اے نے کہا کہ پٹرولیم مارکیٹنگ کمپنیز نے غیر قانونی پٹرول پمپس کا جال بچھایا، ملزمان پرقومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے پیٹرول بحران پر انکوائری کمیشن کی رپورٹ 2020 پبلک کر دی تھی۔
انکوائری کمیشن نے گزشتہ سال ملک میں ایندھن کے شدید بحران کا ذمہ دار آئل مارکیٹنگ کمپنیوں، پیٹرولیم ڈویژن اور آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کو ٹھہرایا تھا۔