زکریا یونیورسٹی فائرنگ سے گونج اٹھی؛ 11 افراد گرفتار، دو زخمی
زکریا یونیورسٹی میں ایم ایس ایف کے دو گروپوں میں لڑائی؛ کیمپس فائرنگ سے گونج اٹھا، 11 افراد گرفتار، دونوں پارٹیوں پر مقدمے کا فیصلہ
زکریا یونیورسٹی کا مرکزی کیمپس گزشتہ روز فائرنگ سے گونج اٹھا، ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم ایس ایف کے دو گروپوں جن کو ڈین گجر اور ثنا اللہ گرمانی لیڈ کرتے ہیں میں جھگڑا چل رہا تھا، گزشتہ روز دونوں میں صلح تھی، صلح کی تقریب میں کسی بات پر تلخ کلامی ہوگئی، جس پر معاملہ ہاتھا پائی سے اسلحہ تک جا پہنچا ، ثنا اللہ گرمانی نے اپنے پستول سے تین فائر کردئیے ،جواب میں زین گروپ کی طرف سے بھی فائرنگ شروع ہوگئی اور پھر مار کٹائی ہوگئی جس سے متعدد افراد کے سر پھٹ گئے۔
اطلاع ملنے پر سیکورٹی اہلکار جبران خان ، الطاف فوجی اور مظہر ہراج موقع پر پہنچے اور مسلح افراد سے پستول برآمد کرلئے، ایک گروپ موقع سے فرار ہوگیا، دوسرا گروپ تھانے رپورٹ کےلئے گیا تو پولیس ان کے بندوں کو بٹھالیا، جبکہ دونوں گروپوں کے 11 افراد کو حراست میں لے لیا جبکہ زخمی ہونے والے طلباء کا میڈیکل آنے پر مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔
ذرائع کہنا ہے کہ دونوں گروپوں کے خلاف ناجائز اسلحہ اور 337 کا مقدمہ درج کیا جارہا ہے ۔